شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار فیصل قریشی نے بھارتی فلموں کو پاکستان میں ریلیز کرنے کا مطالبہ کردیا۔
اداکار فیصل قریشی نے حال ہی میں نجی ویب چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے بھارتی سے متعلق گفتگو کی اور کہا کہ سنیما کی بحالی کے لیے بھارتی فلموں کو پاکستان میں ریلیز ہونا چاہیے۔
فیصل قریشی کا کہنا تھا کہ اگر سنیما کی بحالی چاہتے ہیں تو ہمیں بھارتی فلموں کو پاکستان میں ریلیز کرنا ہوگا تاکہ عوام سنیما کا رخ کریں۔
اداکار نے کہا کہ سب سے پہلے پاکستان میں سنیما گھروں کی تعداد میں اضافہ کرنا ہوگا، سنیما بھی وہ جس کا ٹکٹ سستا ہو، جسے عام آدمی بھی دیکھ سکے، کیونکہ مہنگا ٹکٹ وہ نہیں خرید سکتا۔’
انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام انڈین فلمیں دیکھنا چاہتے ہیں، اس میں کسی کی مرضی نہیں چل سکتی، پڑوسی ممالک کے ساتھ تعلقات بہتر کرنا ہوں گے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ہماری انڈسٹری 60 سے 70 ارب روپے بھارت سے ادھر لارہی تھی لیکن خراب تعلقات کی وجہ سے یہ سلسلہ رک گیا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں بھی اپنی چیزوں کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے، ہماری اپنی فلموں کو آن لائن پلیٹ فارمز پر پیش کرنے کا موقع ملا تھا جسے خراب تعلقات کی وجہ سے کھو دیا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ضروری نہیں کہ فلموں سے ناچ گانے کے کلچر کو فروغ دیا جائے بلکہ ہم فلموں کے ذریعے آگاہی بھی پھیلا سکتے ہیں، جس کے لیے سنیما گھروں اور موجودہ سنیما گھروں کی بحالی ضروری ہے۔