لاہور: صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن کے بھائی کو کراچی میں ڈپٹی کمشنر تعینات کروا کے بلاول نے سیاسی رشتے داری نبھالی۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ تعمیراتی شعبے سے متعلق نظام از خود درخواست گزار کو اطلاع دے گا، کسی بھی دستاویز کی کمی پر درخواست گزار کو مطلع کردیا جائے گا۔
فیاض چوہان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی تعمیراتی شعبے کے حوالے سے یہ بڑی کامیابی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کے 11 اضلاع میں 110 ماڈل اسکولز کا آغاز ہو چکا ہے، ماڈل اسکولوں میں 30 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، جلد آغاز ہو جائے گا۔ 17 اضلاع میں ایک ہزار لیب کے لیے کام اور سامان دسمبر تک مکمل کر لیا جائے گا۔
فیاض چوہان کا کہنا تھا کہ گزشتہ دور میں پرائمری اسکول کے شعبے میں ڈھائی ارب کی کرپشن ہوتی تھی، موجودہ دورمیں کسی کو نظام تعلیم میں کسی کے پیچھے بھاگنے کی ضرورت نہیں۔
انہوں نے کہا کہ 11 سو 27 مڈل اسکولز کو ہائی اسکول بنانے کے لیے 16 ارب درکار تھے، بغیر ایک پیسہ خرچ کیے یہ ہائی اسکول میں تبدیل کردیے گئے۔
فیاض چوہان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمٰن کی اے پی سی کے لیے کوشش ثمر آور ہوگئی، ان کے بھائی کراچی میں ڈپٹی کمشنر تعینات ہوگئے۔ ضیا الرحمٰن کو اب سندھ حکومت کی ریکوزیشن پر منگوایا اور ڈپٹی کمشنر لگا دیا گیا، سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق ایک انتظامی افسر کو دوسرے صوبے میں نہیں لگایا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ بلاول حق، سچ اور اقدار کی تعلیم دیتے رہتے ہیں، آج ضیا الرحمٰن صاحب آپ کے لیے کلنک کا ٹیکہ بن گئے ہیں، آپ نے سیاسی رشتے داری نبھالی، آؤ مل کر کھائیں کی روایت برقرار رکھی۔