لاہور: صوبہ پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ اسمارٹ اور ٹارگٹڈ لاک ڈاؤن ہی کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کا بہترین ذریعہ ہے، سخت اور کرفیو اسٹائل لاک ڈاؤن معیشت اور غریب کے لیے زہر قاتل ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان اسمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی پر زور دے رہے ہیں، پنجاب میں عثمان بزدار وزیر اعظم کے ویژن کے مطابق امور حکومت چلا رہے ہیں۔
فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ اسمارٹ اور ٹارگٹڈ لاک ڈاؤن ہی کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کا بہترین ذریعہ ہے، سخت اور کرفیو اسٹائل لاک ڈاؤن معیشت اور غریب کے لیے زہر قاتل ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت میں شدید اور سخت لاک ڈاؤن کے منفی اثرات سامنے ہیں، بھارت میں تقریباً 10 ہزار اموات ہورہی ہیں اور روزانہ 12 ہزار کیسز سامنے آرہے ہیں۔ سخت لاک ڈاؤن سے بھارت کی 34 فیصد آبادی خط غربت سے نیچے چلی گئی۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ بھارت میں 20 فیصد عوام کے پاس 2 ہفتے سے زائد کا راشن نہیں ہے، سخت لاک ڈاؤن سے نیویارک شہر بھی دیوالیہ ہوگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 7 ہزار سے زائد کارروائیاں کر چکی، یہ کارروائیاں صنعتی یونٹس، دکانوں، مارکیٹس اور ٹرانسپورٹ کے خلاف کی گئیں۔
فیاض چوہان کا مزید کہنا تھا کہ یہ وقت تنقید کے بجائے متحد ہو کر کرونا وائرس کو شکست دینے کا ہے، عوام اور تاجر برادری سے گزارش ہے ایس او پیز پر مثبت کردار ادا کریں۔