لاہور: صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ میں نواز شریف نے دہشت گرد کلبھوشن کا نام تک نہ لیا، مقبوضہ کشمیر کا پاکستان کے ساتھ الحاق ہو کر رہے گا۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے یکجہتی کشمیر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے وزیر اعظم بنتے ہی مسئلہ کشمیر کے حل کی بات کی، کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رہے گی۔
فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم ہر فورم پر مسئلہ کشمیر کے حل کی بات کرتے ہیں، کشمیریوں کی اس طرح حمایت کریں گے کہ پوری دنیا جانے گی۔ اقوام متحدہ میں نواز شریف نے دہشت گرد کلبھوشن کا نام تک نہ لیا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے دنیا بھر میں کشمیری عوام کے لیے آواز اٹھا کر اپنا حق ادا کیا، کشمیری عوام پاکستان کے ساتھ ملنا چاہتے ہیں۔ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔
فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ ایسی پارٹیاں بھی ہیں جو وزیر اعظم کی جدوجہد ماننے کو تیار نہیں، حقیقت تو یہ ہے پاکستان میں مودی کو اپنے گھروں میں بلایا گیا۔ ہمارا عزم ہے کشمیر ہمارا ہے اور سارے کا سارا ہمارا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مودی نے ظالموں کو پال رکھا ہے، یہ ان کی بھول ہے کہ پاکستان کے عوام اور وزیر اعظم کو ڈرا لیں گے۔ وزیر اعظم عمران خان اس ملک کے ہیرو ہیں۔ مودی کو غلط فہمی ہے کہ عمران خان کشمیر کا مقدمہ لڑنے سے رکے گا۔ مقبوضہ کشمیر کا پاکستان کے ساتھ الحاق ہو کر رہے گا۔