لاہور : صوبائی وزیراطلاعات فیاض الحسن چوہان نے مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا جس کی کرپشن پر پاؤں رکھو اس کو جمہوریت خطرے میں نظر آتی ہے، آل زرداری اور شریف سن لیں کہ علی بابا جاگ گیا ہے اور اب کرپشن کے چور نہیں بچیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا علم کےبغیرکوئی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا، علم کےحصول کے لیے کتاب بہترین ذریعہ ہے، وزیراعظم پاکستان کو بحران سے نکالنے کے لیے کھڑے ہیں۔
[bs-quote quote=”جس کی کرپشن کی دم پر پاؤں رکھو تو جمہوریت یاد آجاتی ہے” style=”style-6″ align=”left” author_name=”وزیراطلاعات پنجاب”][/bs-quote]
صوبائی وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ نیب آزادادارہ ہے،چیئرمین ن لیگ و پیپلزپارٹی نے بنایا، ہم نے نیب کا چپڑاسی تک بھرتی نہیں کیا۔
فیاض الحسن چوہان نے مخالفین پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا جمہوریت کے خطرے کی بانسری بجارہے ہیں، جس کی کرپشن کی دم پر پاؤں رکھو تو جمہوریت یاد آجاتی ہے، نیب کو کالا قانون کہنے والوں کو ڈوب کے مرجانا چاہیئے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آل زرداری اور شریف سن لیں کہ علی بابا جاگ گیا ہے اور اب کرپشن کے چور نہیں بچیں گے، سانحہ ماڈل ٹاؤن پر جے آئی ٹی بن گئی ہے رانا ثناءاللہ اور شہباز شریف پھانسی کے پھندے پر لٹکیں گے۔
فیاض الحسن چوہان نے کہا اپوزیشن کو درد ہے کہ معیشت کا جو حال وہ کرگئے ہیں، عمران خان سنبھال نہ لیں، چالیس سال سے کرپشن کی بارات مفاہمت کی بس پر سوار تھی 2018 کے الیکشن میں یہ بس کھائی میں جاگری ہے، آل شریف سمجھتے ہیں ترکی اور چین والے ان کے رشتہ دار ہیں۔
یاد رہے چند روز قبل پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ کسی بلیک میلنگ میں آنے والے نہیں، عمران خان شاہین صفت رہنما ہیں۔ عمران خان کبھی پاکستان کا نام ڈوبنے نہیں دے گا۔
مزید پڑھیں : کسی کی دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں احتساب جاری رہے گا: فیاض الحسن چوہان
ان کا کہنا تھا کہ کسی کی دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں احتساب جاری رہے گا، کرپشن کی بارات مفاہمت کی ٹرین میں سوار تھی، چور، ڈاکو اور نو سر بازوں کی دھمکیوں میں آنے والے نہیں۔
اس سے قبل بھی فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ نواز شریف، شہباز شریف اور خود حمزہ جیل، حوالات اور عدالت کےچکرلگا رہے ہیں، اس پرکہتےہیں عمران خان صاحب اناڑی ہیں، احتساب سب کا ہورہا ہے، پیپلزپارٹی کے رہنما بھی پیشیاں بھگت رہے ہیں، ہم ن لیگی نہیں پی ٹی آئی والے ہیں، ہر عدالتی فیصلہ قبول کریں گے۔