لاہور : فیاض الحسن چوہان دوبارہ وزیراطلاعات پنجاب بن گئے، انھیں وزارت اطلاعات کا اضافی چارج دینےکانوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے، متنازع بیان پرفیاض چوہان سےوزارت اطلاعات کا قلمدان لیا گیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب میں پولیس اور بیوروکرسی میں اکھاڑ پچھاڑ کے بعد تبدیلی سرکار کی تبدیلیوں کا سلسلہ نہ تھم سکا، وزیر اعظم کے دورہ لاہور کے بعد پنجاب کابینہ میں بھی ردوبدل شروع ہوگیا۔
میاں اسلم اقبال سے اطلاعات کا قلمدان لیکر واپس فیاض الحسن چوہان کو سونپ دیا گیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب میں حزبِ اختلاف کو ٹف ٹائم دینے کیلئے ایک بار پھر وزارت اطلاعات کا قلمدان فیاض الحسن چوہان کو سونپا گیا ہے۔
مزید پڑھیں : فیاض الحسن چوہان کا حلف اٹھانے کے 24 گھنٹے میں محکمہ تبدیل
خیال رہے فیاض الحسن چوہان کو اقلیتوں کے حوالے سے متنازعہ بیان پر تبدیل کیا گیا تھا، وزیراعظم عمران خان نے فیاض الحسن چوہان کے بیان کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر اعظم نے وزیراعلیٰ پنجاب کو ایکشن لینے کا حکم دیا تھااور کہا تھا کسی بھی مذہب کی دل آزاری قبول نہیں ہوگی جبکہ تمام وفاقی اورصوبائی وزرا کو ایسے معاملات پرمحتاط رہنےکی ہدایت بھی کی تھی۔
خیال رہے فیاض الحسن چوہان پنجاب حکومت کے چوتھے وزیر اطلاعات ہیں، اس سے قبل صمصام بخاری بھی چار ماہ وزیراطلاعات رہ چکے ہیں۔ وزیر اعلی نے صمصام بخاری کی کارکردگی سے مایوس ہوکر ان سے یہ عہدہ واپس لیکر وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کو دیا تاہم میاں اسلم سے بھی اب اضافی چارج واپس لے لیا گیا ہے۔
واضح رہے جولائی میں کے رکن اسمبلی، پنجاب فیاض الحسن چوہان نے بطورصوبائی وزیر حلف اٹھایا تھا اور انھیں وزارت کالونیز کا قلمدان دے دیا گیا تھا۔