لاہور : محکمہ اطلاعات پنجاب سے سبکدوشی کے بعد فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ میرا ایمان ہے جو ہوتا ہے اچھے کے لیے ہوتا ہے ، وزیراعظم کا سپاہی ہوں، ہرذمہ داری بھرپور طریقے سے نبھاؤں گا۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ اطلاعات پنجاب سے سبکدوشی کے بعد فیاض الحسن چوہان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پہلے ٹوئٹ میں کہا کہ میرا ایمان ہے جو ہوتا ہے اچھے کے لیے ہوتا ہے، وزارت اطلاعات کی واپسی کی زیادہ خوشی میجر گورو آریا،’’را ‘‘کو ، مکس اچار پارٹی اور ن لیگ کو ہوئی۔
فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ ملک دشمن ٹولےکی کرپشن ،لوٹ مارکی منجی ٹھوکتارہوں گا، وزیراعظم کا سپاہی ہوں،ہرذمہ داری بھرپور طریقے سےنبھاؤں گا۔
گذشتہ روز وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان سے قلمدان واپس لے لیا گیا اور فردوس عاشق اعوان کو معاون خصوصی برائے اطلاعات پنجاب تعینات کر دیا گیا تھا۔
فیاض الحسن چوہان کا قلمدان تبدیل کر کے انہیں کالونیز کا قلمدان سونپ دیا گیا اور اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا تھا۔
خیال رہے نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان پھر سے وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات کی ذمہ داریاں نبھانے کی خواہش مند تھیں تاہم وزیراعظم نے انہیں پنجاب میں یہ ذمہ داری ادا کرنے کے لیے قائل کیا تھا۔