لاہور: سربراہ جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) مولانا فضل الرحمان نے مدارس سے متعلق بل پر دستخط نہ ہونے کی صورت میں حکومت کو خبردار کر دیا۔
مولانا فضل الرحمان سے جے یو آئی (ف) لاہور کے رہنما حافظ بلال درانی نے ملاقات کی جس میں مدارس سے متعلق بل پر حکومت کو دی گئی ڈیڈ لائن پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سربراہ جے یو آئی (ف) نے کہا کہ حکومت مدارس کے حوالے سے ہمارے بل پر دستخط نہیں کر رہی، حکومت 7 دسمبر تک بل پر دستخط کرے ورنہ 8 دسمبر کو پشاورمیں اسرائیل مردہ باد ریلی میں اہم اعلان کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ 8 دسمبر کو اگلے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا، حکومت نے اپنی مرضی کی قانون سازی کر لی ہے، حکومت بتائے ابھی تک مدارس بل کے پاس کردہ قانون پر دستخط کیوں نہیں کیے؟
ملاقات میں مولانا فضل الرحمان نے لاہور کے پارٹہ رہنماؤں کو تنظیمی کام تیز کرنے کی ہدایت کی۔
اس سے قبل سکھر میں ایک تقرہب سے خطاب میں مولانا فضل الرحمان نے کہا تھا کہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ تمام جماعتوں کی مشاورت مدارس کی رجسٹریشن پر اتفاق ہوا تھا، بل قومی اسمبلی میں پہنچ گیا لیکن پھر روک دیا گیا، مدارس کی آزادی اور حریت ہمارا نصب العین ہے، کسی کے حقوق پر ڈاکا ڈالنے نہیں دیں گے۔
انہوں نے کہا تھا کہ جے یو آئی (ف) اسلام آباد کا رخ کرے گی تو کوئی نہیں روک سکتا، تحریک اٹھے گی تو میں سب سے آگے ہوں گا۔
’ہم ہر مسئلے پر ہنگامہ آرائی نہیں کرتے۔ اسلام کے قلعوں پر حملے بند کر دو ورنہ جواب ملے گا تو نہیں ٹھہر سکو گے۔ ہماری سیاست میں اعتدال ہے گفتگو پر یقین رکھتے ہیں۔ اپنی ناکامی قبول کرو، غلط روش و حکمرانی کی وجہ سے خون بہہ رہا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں جو ہوا مجھے کسی پارٹی کے فیصلے سے غرض نہیں وہ اپنے فیصلے کے خود ذمہ دار ہیں، ہاں اگر ہم سے مشورہ لیں گے تو دیانت سے دیں گے۔