اسلام آباد : اپوزیشن جماعتوں نے مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ کو ختم کرانے کا فیصلہ کرلیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ آزادی مارچ کے آئندہ ایک سے دو روز میں ختم ہونے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق حکومت کی مصالحتی کوششیں کامیابی کے قریب پہنچ گئیں، اس حوالے سے ذرائع نے خبر دی ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس کے دوران حکومت کے خلاف دیا گیا دھرنا ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
جس کے بعد مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ کے آئندہ ایک سے دو روز میں ختم ہونے کا امکان ہے
مولانا کے مارچ میں ن لیگ کا ساتھ نہ دینے کا اقدام بڑی وجہ قرار دیا جارہا ہے۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی سے حکومت کے بیک ڈور رابطے جاری ہیں، اپوزیشن جماعتوں نے مارچ ختم کرکے ملک گیر شٹرڈاؤن کی تجویز بھی دی ہے۔
دوسری جانب اے پی سی میں ن لیگ اور پی پی نے حکومت کو مثبت جواب دینے سے متعلق مشورہ کیا، اے پی سی میں حکومت کے ساتھ مذاکرات کے دور شروع کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے چوہدری برادران سرگرم رہے، چوہدری شجاعت حسین کے مولانا فضل الرحمان سے رابطے بھی جاری ہیں۔