اسلام آباد : جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت کی مذاکراتی کمیٹی میں ہمارے مؤقف کوسمجھنے کی صلاحیت نہیں، دھاندلی سے آنے والوں کو حکومت نہیں کرنے دینگے۔
یہ بات انہوں نے آزادی مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ حکومتی مذاکراتی کمیٹی آتی جاتی رہتی ہے، کمیٹی میں ہمارے مؤقف کوسمجھنے کی صلاحیت نہیں۔
ان سے کہا ہے کہ ہمارے پاس آؤ تو استعفی لے کر آؤ خالی ہاتھ نہ آیا کرو، موجودہ اسمبلیوں میں کوئی قانون سازی نہیں ہوئی، ایسی جعلی اسمبلی کی قانون سازی بھی متنازع ہوتی ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ملک ایسے نہیں چلا کرتے، قومی اسمبلی کے لب ولہجے نے ہمارے مؤقف کی تائید کی ہے۔
ان کاکہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے پارلیمنٹ کو متنازع بنایا، پارلیمنٹ کی بالادستی کی بات کیوں قبول نہیں کیا جارہا، ہم اس ملک کو امن کا گہوارہ بنانا چاہتے ہیں۔
اختلاف رائے ہے امید ہے ہمارا ساتھ دیا جائے گا۔ تمام سیاسی پارٹیاں ایک ہی پلیٹ فارم پرہیں، موجودہ حکومت کوقبضہ گروپ سمجھتے ہیں، دھاندلی سے آنے والوں کو حکومت نہیں کرنے دینگے، یہ کیسے لوگ ہم پرمسلط ہوگئے ہیں، آخر ملک کو کس طرف لے جایا جارہا ہے۔