اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے دعویٰ کیا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے امریکا کو یقین دہانی کرائی کہ اگر انہیں وزیراعظم بنادیا جائے تو وہ ماضی کے حکمرانوں سے وائٹ ہاؤس کی خدمت کریں گے۔
ہزارہ موٹروے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر کاکہنا تھا کہ ماضی کے ایک منصوبے میں 50 ارب روپے کی چوری پکڑی گئی، سابق حکومت نے موٹروے کے نام پر کرپشن کا بازار گرم کیا اور لندن میں جائیدادیں بنائیں۔اُن کا کہنا تھا کہ حکومت نےڈوبتی معیشت کو آئی سی یوسےنکالا، ماضی کے حکمرانوں کا ’پر پَل کھاؤ ، ہر پُل کھاؤ، ہر سڑک کھاؤ، بے دھڑک کھاؤ ‘ نعرہ تھا۔
مراد سعید نے دعویٰ کیا کہ مولانا فضل الرحمان نے امریکا کو یقین دہانی کرائی کہ اگر انہیں وزیراعظم بنایا گیا تو زرداری اور نوازشریف سے زیادہ خدمت کا موقع دیں گے، جمعیت علماء اسلام ف کے سربراہ نے جو گو امریکا گو کا نعرہ لگایا اُس کا اصل مطلب چلو امریکا چلو تھا۔
قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے ہزارہ موٹروے کر افتتاح کیا، افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ ہم نے گارنٹی مانگی تو شہباز شریف نے اداکاری شروع کردی، سب سے بڑی بات شہباز شریف آپ کی گارنٹی کون دے گا، شریف خاندان کے پاس اتنا پیسہ ہے کہ 7 ارب روپے کی ٹپ دے سکتا ہے، شہباز شریف پر بھی کرپشن کے کیسز ہیں وہ اپنی تو گارنٹی دے دیں۔