بدھ, جولائی 2, 2025
اشتہار

مولانا فضل الرحمان نے پیپلز پارٹی پر پی ٹی آئی کو کامیاب کرانے کا الزام لگا دیا

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: شہباز شریف کی رہائش گاہ پر متحدہ اپوزیشن کے ساتھ ملاقات کے بعد مولانا فضل الرحمان نے پیپلز پارٹی پر پاکستان تحریکِ انصاف کو پنجاب میں کام یاب کرانے کا الزام لگا دیا۔

تفصیلات کے مطابق اپوزیشن کے صدارتی امیدوار پر فضل الرحمان کی ملاقات بے نتیجہ ختم ہوگئی، ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے پی پی کو تنقید کی زد پر لے لیا۔

انھوں نے کہا ’پیپلز پارٹی نے خاموش رہ کرعمران خان اور پنجاب حکومت کو کام یاب کرایا، اب صدارتی امیدوار کھڑا کر کے پی ٹی آئی کو کام یاب کرا رہی ہے۔‘

فضل الرحمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہی مجھے آل پارٹیز کا کنوینر نامزد کیا ہے، اس کے لیے امیدوار کو دست بردار کرانا آسان ہے۔ انھوں نے ن لیگ، پی پی تنازع کا حل بتاتے ہوئے کہا کہ اگر انھیں متفقہ طور پر نامزد کیا جائے تو یہی اس تنازعے کا حل ہے اور یہ سب کو قابلِ قبول ہے۔

صدارتی امیدوار مولانا فضل الرحمان نے کہا ’شہباز شریف سے ملاقات کے دوران حزبِ اختلاف کی تمام جماعتوں نے مجھ پر اعتماد کیا ہے، متحدہ اپوزیشن اس معرکے کو مل کر لڑے گی، پیپلز پارٹی متحدہ اپوزیشن کے فیصلے کو قبول کرے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف چاہتے ہیں پیپلز پارٹی سے رابطے جاری رکھے جائیں، ہم کوشش کر رہے ہیں کہ پیپلز پارٹی کو ایک ہی صدارتی امیدوار کے لیے راضی کرلیں۔


یہ بھی پڑھیں:  مولانا فضل الرحمان مان گئے تو اعتراز احسن صدربن جائیں گے‘ قمرزمان کائرہ


مولانا نے کہا ’پیپلز پارٹی اور آصف زرداری کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، پی پی متحدہ اپوزیشن کا امیدوار تسلیم کر کے وحدت کا مظاہرہ کرے۔‘

قبل ازیں لاہور میں صدارتی امیدوار مولانا فضل الرحمان نے شہباز شریف کے گھر پر اپوزیشن رہنماؤں سے ملاقات کی، ملاقات میں لیاقت بلوچ، عبد الغفور حیدری، اکرم خان درانی، حمزہ شہباز، ایاز صادق اور رانا تنویر موجود تھے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں