لاہور: جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ ختم نبوت کا معاملہ بہت حساس ہے، دھرنوں سے بحران پیدا ہورہا ہے جس کا ملک متحمل نہیں ہوسکتا۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ دھرنوں کے باعث بحران پیدا ہورہا ہے اور ملک اس کا متحمل نہیں ہوسکتا، موجودہ صورتحال سے سی پیک منصوبہ متاثر ہونے کا خدشہ ہے، ہمیں چین کے اعتماد کو بڑھانے کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ الیکشن کا وقت قریب ہے اس لیے ہرسیاسی جماعت اپنی جیت کے لیے ماحول بنا رہی ہے کچھ لوگ اپنی سیاسی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے ایسے اقدامات کررہے ہیں جن کی وجہ سے ملک کے معاملات خراب ہونے کا خدشہ ہے، اس معاملے میں سنجیدگی دکھانے کی ضرورت ہے اور اگر ہم نے سنجیدگی کا مظاہرہ نہ کیا تو معاملات خراب ہوسکتے ہیں۔
مولانا فضل الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل کے علاوہ کوئی بھی ملک ٹرمپ کے فیصلے کو پذیرائی نہیں دے رہا، پاکستانی عوام فلسطینیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہوکر ہر بار اپنا احتجاج ریکارڈ کرواتی ہے۔