جمعہ, جنوری 3, 2025
اشتہار

پی ٹی آئی کے پی اسمبلی تحلیل، دیگر اسمبلیوں سے استعفے کیلیے آمادہ ہے، فضل الرحمان

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان نے دعویٰ کیا ہے کہ نئے انتخابات کیلیے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) خیبر پختونخوا اسمبلی تحلیل اور دیگر اسمبلیوں سے استعفے دینے کیلیے آمادہ ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ جے یو آئی (ف) نے پی ٹی آئی سے مذاکرات کیلیے کمیٹی بنا دی ہے جس کی سربراہی کامران مرتضیٰ کریں گے، کمیٹی میں مولانا لطف الرحمان، فضل غفور، اسلم غوری اور مولانا امجد شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ کمیٹی پی ٹی آئی سے مذاکرات کرے گی، کمیٹی پی ٹی آئی کے ساتھ باہمی مشاورت سے حکمت عملی طے کرے گی۔

- Advertisement -

پی ٹی آئی کے ساتھ تعلقات معمول پر لائے جا رہے ہیں

ان کا کہنا تھا کہ دیگر سیاسی جماعتوں سے اختلاف رائے ہے جبکہ پی ٹی آئی سے بھی تلخیاں تھیں، پی ٹی آئی کے ساتھ تعلقات معمول پر لائے جا رہے ہیں، بانی پی ٹی آئی سمیت سیاستدانوں پر مقدمات نہیں بننے چاہیں۔

’ہم نے الیکشن سے پہلے کہا تھا بانی پی ٹی آئی کے ساتھ مقابلہ میدان میں ہے۔ جو سیاسی سہولت یا مراعات بطور سیاستدان مجھے حاصل ہوں وہ سب کو یکساں ہونی چاہئیں۔‘

میڈیا سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمان نے تجویز دی کہ پارلیمانی اور بلدیاتی انتخابات ایک ساتھ ہونے چاہیں اور نگراں سیٹ اپ کا تصور ختم کیا جائے۔

مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی بے بس ہیں

’نئے صاف شفاف الیکشنز کیلیے پی ٹی آئی اسمبلیوں سے استعفے کیلیے آمادہ ہے۔ خیبر پختونخوا میں بھی حقیقی مینڈیٹ نہیں ہے۔ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی بے بس ہیں۔ خیر خواہی میں دونوں کو کہا تھا کہ حکومت نہ لیں اور اب دونوں کو حکومت کی ذمہ داری راس نہیں آ رہی۔‘

انہوں نے کہا کہ مارشل لاء اور ایمرجنسی سے اب کام نہیں چلے گا، حالات اور اختیارات اب ان کے ہاتھ سے نکل چکے ہیں، اسٹیبلشمنٹ اپنی پالیسی پر ردوبدل کرے کیونکہ ایسے ملک نہیں چلے گا، جس راستے پر یہ چل رہے ہیں وہاں منزل نہیں ہے۔

فوج کو صحیح راستے پر مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں

سربراہ جے یو آئی (ف) نے کہا کہ ان کے پاس سیاسی معاملات طے کرنے کی صلاحیت نہیں ہے، یہ اداروں اور پارلیمنٹ کو لونڈی اور عوامی نمائندوں کو ملازم بنانا چاہتے ہیں، فوج کو صحیح راستے پر مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر آپ چاہتے ہیں ایمرجنسی لگا کر مرضی کی جماعتیں پارلیمنٹ بنائیں تو اس کی اجازت نہیں دیں گے، جے یو آئی عوام اور امن کے ساتھ ہے فسادیوں سے ہم نمٹ لیں گے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں