پیر, فروری 17, 2025
اشتہار

نگراں وزیر اعلیٰ سندھ کے لیے فضل الرحمان کے نام کا اعلان

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علیٰ شاہ نے صوبے کے نگراں وزیر اعلیٰ کے لیے سابق چیف سیکریٹری فضل الرحمان کے نام کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق نگراں وزیر اعلیٰ سندھ کے لیے فضل الرحمان کا نام فائنل ہوگیا ہے، نامزد نگراں وزیر اعلیٰ 2007 سے 2010 تک چیف سیکریٹری رہے، نگراں وزیراعلیٰ کے لیے فضل الرحمان کا نام اپوزیشن جماعتوں نے دیا تھا۔

نگراں وزیر اعلیٰ سندھ کے لیے سمری گورنر سندھ کو ارسال کی جاچکی ہے اور سمری کی کاپی اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی ہے، جبکہ سمری سیکریٹری قانون کی جانب سے ارسال کی گئی۔

سمری کے متن میں کہا گیا ہے کہ آئین کے مطابق سندھ اسمبلی نے 5 سالہ مدت پوری کرلی، متفقہ طور پر فضل الرحمان کا نام نگراں وزیر اعلیٰ کے لیے نامزد کیا گیا ہے، وزیراعلیٰ اور اپوزیشن لیڈر نے متفقہ طور پر نامزدگی کی، سمری میں گورنر حلف لے کر نگران وزیر اعلیٰ کو ذمہ داریاں تفویض کرنے کی استدعا کی گئی۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علیٰ شاہ اور اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے نگراں وزیر اعلیٰ سندھ کے نام کا اعلان کیا، اس موقع پر مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ایسا نام لانا چاہتے تھے جس پر تمام پارٹیوں کو اتفاق ہو، فضل الرحمان کو نگراں حکومت میں کام اور الیکشن کرانے کا تجربہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 2008 کے الیکشن میں فضل الرحمان سندھ کے چیف سیکریٹری تھے، فضل الرحمان سندھ میں سیکریٹری فنانس بھی رہ چکے ہیں، نگراں وزیر اعلیٰ آج یا کل حلف اٹھائیں گے، نگراں وزیر اعلیٰ سندھ اپنی کابینہ خود بنائیں گے۔

اس موقع پر اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن کا کہنا تھا کہ فضل الرحمان غیر سیاسی اور تجربہ کار شخصیت ہیں، سابق چیف سیکریٹری کو ان کے تجربے کی بنیاد پر منتخب کیا، فضل الرحمان غیر متنازع بیورو کریٹ رہے ہیں، امید ہے فضل الرحمان ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ نگراں وزیر اعلیٰ کی سب سے بڑی ذمہ داری منصفانہ الیکشن ہیں، سب سے بہتر انداز میں نگران وزیر اعلیٰ کا انتخاب سندھ میں ہوا۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں