جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے اگر امت مسلمہ ساتھ اور حکمراں اجازت دیں تو ہم اسرائیل کی اینٹ سے اینٹ بجانے کیلیے تیار ہیں۔
اے آر وائی نیوز جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کوئٹہ میں اسرائیل مردہ باد کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی ریاست جبر سے وجود میں آئی ہے۔ اہل غزہ کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ اُمت مسلمہ آپ کے شانہ بشانہ ہے۔ اگر امت مسلمہ ساتھ دے اور حکمران اجازت دیں تو ہم اسرائیل کی اینٹ سے اینٹ بجانے کے لیے تیار ہیں۔
جے یو آئی سربراہ نے کہا کہا کہ اسرائیل نے غزہ کے بچوں اور خواتین کو نشانہ بنایا۔ اہل غزہ کسی صورت تنہا نہیں ہیں۔ اسرائیل روز اول سے ہی پاکستان کا دشمن ہے۔ بھارت نے اسرائیل کا نمائندہ بن کر ہی پاکستان پر حملہ کیا لیکن پاکستان نے اہل غزہ کا بدلہ لے لیا۔
فضل الرحمان نے حالیہ بھارتی جنگی جارحیت کے حوالے سے کہا کہ مودی نے طاقت کے ذریعہ جارحیت کی کوشش کی اور ہمارے ملک میں مساجد اور مدارس کو نشانہ بنایا گیا۔ لیکن پاکستان نے اس سے زیادہ اور پوری طاقت کے ساتھ بھارت کو اس کی جارحیت کا جواب دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مودی کا جو حال کیا، وہ سب کے سامنے ہے۔ مودی کا باپ بھی پاکستان کا پانی بند نہیں کر سکتا۔