اتوار, اپریل 6, 2025
اشتہار

امریکا نے پوری دنیا کو اقتصادی دوڑ میں الجھایا کہ لوگ غزہ بھول گئے، فضل الرحمان

اشتہار

حیرت انگیز

تونسہ شریف: مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ امریکا نے پوری دنیا کو اقتصادی دوڑ میں ایسا الجھا دیا ہے کہ لوگ غزہ بھول گئے ہیں، امریکا نے چال بازی کی۔

تفصیلات کے مطابق جے یو آئی سربراہ مولانافضل الرحمان نے استحکام پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکا نے چال بازی سے دنیا کی توجہ غزہ سے ہٹا دی ہے، غزہ، افغانستان، شام، لبنان آگ میں جل رہے ہیں، فلسطین میں 60 ہزار سے مسلمانوں کو یہودیوں نے شہید کردیا، غزہ میں بچے، جوان، خواتین اور بوڑھے موت کا انتظار کرتے ہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ دنیا میں جنگیں چھڑتی ہیں، شکست وہ کھاتا ہے جس کا سر جھک جائے، جنگ میں جس کا سر کٹ جائے اسے شکست نہیں کہا جاتا، غزہ کے مکینوں نے ظلم و بربریت کا سامنا کیا لیکن اپنا گھر نہیں چھوڑا۔

جے یو آئی سربراہ نے کہا کہ امریکا، مغربی ممالک انسانی حقوق کے محافظ نہیں بلکہ قاتل ہیں، جو قاتل ہوں انھیں انسانیت کی قیادت کرنے کا کوئی حق نہیں، فلسطینیوں کی نسل کشی کے نیتن یاہو اور مغربی ممالک ذمہ دار ہیں۔

انھوں نے کہا کہ اسلام آباد میں قومی سطح کا کنونشن بلایاجائے اور متفقہ فیصلہ کیاجائے، آگے بڑھنے کے عزم کے ساتھ زندہ رہنا ہے، پیچھے ہٹنا موت سے بدتر ہے۔

پاکستان میں ہمارا ایک کردار ہے، شرعیت کے نفاذ کےلیے جدوجہد کررہے ہیں، 26ویں ترمیم میں جے یوآئی تنہا قوت تھی جو رکاوٹ بنی، 26ویں ترمیم کے 56 نکات تھے، حکومت کو 34 نکات سے دستبردار کیا، 26ویں ترمیم میں ہماری تجویز یہ تھی کہ ایک آئینی عدالت قائم ہو۔

انھوں نے کہا کہ ہم نے آئین کا حصہ بنایا کہ یکم جنوری 2028 سے سود کا بالکل خاتمہ ہوجائےگا، اس ترمیم کو نقصان پہنچتا ہے تو سودی نظام کےخاتمے کو بھی نقصان پہنچے گا۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم نے آئین میں ڈالاکہ وفاقی شرعی عدالت کا فیصلہ فوری طور پر موثر ہوگا، ترمیم کے ذریعے ہم نے وفاقی شرعی عدالت کو طاقت دی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں