اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اسلام آباد انتظامیہ کے ساتھ طے شدہ معاہدہ ختم کرنے کی تردید کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق فضل الرحمان نے کہا ہے کہ اسلام آباد انتظامیہ کے ساتھ طے شدہ معاہدہ ختم نہیں کیا، معاہدے کی پاس داری کریں گے، معاہدہ حکومت کے ساتھ نہیں انتظامیہ کے ساتھ ہے، ہم عدالتی فیصلوں کا احترام کرتے ہیں۔
مولانا راشد سومرو نے معاہدہ ختم کیے جانے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ حکومت کے ساتھ کوئی معاہدہ نہیں ہوا، جب حکومت کے ساتھ کوئی معاہدہ ہوا ہی نہیں تو ختم ہونے کا سوال نہیں بنتا، ہم نے ڈی سی کو جلسے کی درخواست دی تھی، آئین اور قانون کے مطابق جلسہ کریں گے، اس بات کا کریڈٹ پرویز خٹک نہ لیں، انھیں تو درخواست ہی نہیں دی۔
جے یو آئی ف کے رہنما کامران مرتضیٰ نے بھی معاہدہ ختم ہونے کی خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ممکن ہے مولانا عطا الرحمان نے غصے میں بات کی ہو، حکومت کے ساتھ معاہدہ ختم ہونے کی خبر کی تردید کرتا ہوں، ہم عدالتی فیصلوں سے متعلق آگاہ ہیں، یہ تاثر دیا گیا کہ جے یو آئی ف کا حکومت سے کوئی معاہدہ ہوا ہے، ایسا کوئی معاہدہ نہیں ہوا، ہم آئین اور قانون کی پابندی کریں گے۔
واضح رہے کہ مولانا عطا الرحمان نے کہا تھا کہ فضل الرحمان نے اعلان کیا ہے کہ حکومت سے معاہدہ ختم سمجھیں، حکومت نے گرفتاریاں کر کے معاہدہ ختم کر دیا، حکومت نے حافظ حمد اللہ کی شہریت ختم کر کے معاہدہ ختم کیا، آزادی مارچ اسلام آباد میں داخل ہوگا تو حکومت نہیں رہے گی۔