اتوار, ستمبر 15, 2024
اشتہار

’’حکومت، سیاست کو مضبوط کرنے کیلئے مولانا فضل الرحمان کی ضرورت ہے‘‘

اشتہار

حیرت انگیز

گورنر پنجاب سلیم حیدر نے کہا ہے کہ حکومت، سیاست کو مضبوط کرنے کیلئے مولانا فضل الرحمان کی ضرورت ہے، انھیں اعتماد میں لینا ضروری ہے۔

اے آر وائی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پنجاب کے گورنر کا کہنا تھا کہ صدر آصف زرداری کا مولانا فضل الرحمان سے پرانا رشتہ ہے، الیکشن میں مولانا فضل الرحمان سے کچھ دوریاں پیدا ہوئیں، ملک کے لیے مولانا فضل الرحمان کو اعتماد میں لینا ضروری ہے۔

سردار سلیم حیدر نے کہا کہ آج کے وقت میں ملک میں سیاسی طور پر استحکام نہیں ہے، ملک کو استحکام کی طرف پیپلزپارٹی کی قیادت ہی لےکر جاسکتی ہے، صدر آصف زرداری میں صلاحیت ہے کہ سب کو ساتھ لےکرچل سکتے ہیں۔

- Advertisement -

انھوں نے کہا کہ صدر چاہتے ہیں کہ ہمارے ساتھ زیادتی بھی ہو تو پس پشت ڈال دیں، آصف زرداری ملک کیلئے حکومت اور سیاست کو استحکام دینا چاہتے ہیں۔

گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں کوئی ایساالیکشن نہیں جس پرتمام جماعتیں مطمئن ہوں، الیکشن معاملہ نہ حکومت اور نہ بانی پی ٹی آئی پر ڈالا جاسکتا ہے، آج تک سیاستدان یہ نہ کرسکے کہ صاف وشفاف انتخابات ہوں۔

انھوں نے کہا کہ الیکشن کا متنازع ہونا تمام سیاسی جماعتوں کی ناکامی ہے، فضل الرحمان 2024 الیکشن پرگلہ کررہے ہیں ہم 2018 کا رونا رو رہے تھے، بشمول الیکشن 2024 تمام الیکشن ایسے ہوئے جس پر انگلی اٹھی۔

سلیم حیدر نے کہا کہ جس سسٹم میں صاف شفاف الیکشن نہ ہوں تو ملکی بہتری کی کیسے توقع کرسکتے ہیں، اگر آپ سے صاف وشفاف الیکشن نہیں ہوسکتے تو جمہوری نظام چھوڑ دیں۔

کوئی ایسا راستہ اپنائیں جس سے ملک بہتری کی طرف جائے، ہرالیکشن کا بینفشری نیا ہے اور ہر الیکشن پر انگلی اٹھتی ہے، شاید نئے الیکشن میں ن لیگ بینفشری نہ ہو پھر وہی رو رہی ہوگی۔

انھوں نے کہا کہ سیاستدانوں میں چیزیں درست کرنے کی ہمت نہیں تو ہاتھ کھڑےکردیں، سیاستدان ہاتھ کھڑے کردیں لیکن ملک سے مذاق نہ کریں، اگر نئے الیکشن بھی ہوں تو کیا گارنٹی ہے کہ سب اس کو مانیں گے۔

گورنرپنجاب کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کی پوری کوشش ہے حکومت 5 سال پورے کرے، بار بار کے الیکشن ملکی مسائل کا حل نہیں ہے، ایک ہی بار صاف وشفاف الیکشن ہوں اور حکومت مدت پوری کرے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں