اسلام آباد: جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان کو مغرب کا گروی بنا کر رکھ دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے آزادی مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان جن مقاصد کے لیے حاصل کیا گیا تھا کچھ بھی نہیں پایا، اس ملک کو ہم نے غلام بنادیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو امریکا اور مغربی دنیا کی کالونی بنادیا گیا ہے، قدم قدم پر مغربی دنیا کی غلامی کی جارہی ہوتی ہے، آج ہم بطور قوم کس کی پیروی کررہے ہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ خدا کے لیے ہمیں قانون اور آئین کے دائرے میں رہنے دیں، جہاں آئین سبوتاژ ہوا ہے پھر وہ ملک نہیں رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: پیرہو یا منگل ہم پلان بی پرعمل کریں گے، اکرم درانی
انہوں نے کہا کہ آپ نے کرتارپور راہداری کا افتتاح کیا جواب میں بھارت نے بابری مسجد اور مسلمانوں کے خلاف فیصلہ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا میں دوست بنانا چاہتے ہیں تو یورپ سے بھی دوستی کرسکتے ہیں، ہم دنیا میں سر اٹھا کر عزت والی قوم بننا چاہتے ہیں غلامی قبول نہیں ہے۔
جے یو آئی (ف) کے سربراہ نے کہا کہ اس سے بڑی سیرت کانفرنس ہم نے کبھی نہیں دیکھی، آج اس کانفرنس کی وجہ سے دنیا کو ایک پیغام جارہا ہے، دنیا دیکھ رہی ہے ہم حضورﷺ سے کس قدر محبت رکھتے ہیں، یہ عوام حضور کی ناموس پر قربان ہونے کو تیار ہیں۔
فضل الرحمان نے کہا کہ آئین کو مضبوط کرنا ہے، یہ ملک ہمارا ہے کسی کی جاگیر نہیں ہے، ہم ملک میں وڈیرہ یا غلامی کی زندگی گزارنے کو تیار نہیں ہیں۔