لاہور: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے سگریٹ کی غیر قانونی تجارت کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا جبکہ 63 روپے سے کم قیمت پر سگریٹ فروخت کرنے پر جرمانہ بھی عائد کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے سگریٹ کی غیر قانونی تجارت کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا۔ ایف بی آر ترجمان کے مطابق ملک بھر کے سگریٹ ریٹیلرز کو نوٹسز جاری کردیے گئے ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ فیکٹریاں، ڈسٹری بیوٹرز اور دکاندار غیر قانونی سگریٹ کی فروخت بند کریں۔ سگریٹ کے پیکٹ پر تصویری اور تحریری ہیلتھ وارننگ شائع کرنا لازمی ہے۔
ترجمان کے مطابق 63 روپے سے کم قیمت پر سگریٹ فروخت کرنے والے دکاندار کو جرمانہ ہوگا، جعلی سگریٹ کی نقل و حمل میں ملوث گاڑی بھی ضبط کرلی جائے گی۔
خیال رہے کہ وزارت صحت کی ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان زیادہ سگریٹ نوشی کرنے والے دنیا کے پہلے 15 ممالک میں شامل ہے۔
وزارت صحت کے مطابق پاکستان میں کل 31.8 فیصد مرد اور 5.8 فیصد خواتین سگریٹ نوشی کرتے ہیں جبکہ 19 فیصد نوجوان سگریٹ نوشی کرتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق 4.4 فیصد مرد، 1 فیصد خواتین، 7.1 فیصد نوجوان روزانہ سگریٹ نوشی کرتے ہیں۔