لاہور : ایف بی آر نے3اضلاع میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے17بےنامی گاڑی مالکان کو نوٹسز جاری کردیے، ایف بی آر لاہور کے بےنامی زون نے بےنامی اثاثوں کی معلومات حاصل کرلیں۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف بی آر لاہور کے بےنامی زون نے بےنامی اثاثوں کے مالکان سے رابطہ کیا ہے، اس سلسلے میں بےنامی جائیداد کے مالکان کو باقاعدہ نوٹسز جاری کئے جارہے ہیں۔
بےنامی گاڑیوں میں نو لینڈ کروزر، پانچ ریوو ہائی لیکس، دو فارچونر اور ایک او ڈی شامل ہیں، اب تک ایف بی آر نے درجنوں بےنامی گاڑیوں کی معلومات اکٹھی کرلی ہیں۔
ذرائع کے مطابق بےنامی گاڑیوں کے مالکان کو بھی جلد نوٹسز جاری کرکے ان کی گاڑیاں ضبط کرلی جائیں گی،2014سے2018تک رجسٹرڈ گاڑیوں کے مالکان فائلر ہیں نہ ہی ان کے پاس این ٹی این ہے۔
ایف بی آر نے بےنامی گاڑی رکھنے والوں کو7دن کے نوٹسزجاری کئے ہیں، نوٹسز کا جواب نہ دینے والوں کی گاڑیاں بےنامی ایکٹ کے تحت ضبط کرلی جائیں گی۔
اس کے علاوہ ایف بی آر نے مالکان سے ان کےذرائع آمدن سے متعلق بھی معلومات طلب کرلیں، بےنامی گاڑیاں رکھنے والوں کو اصل کاغذات اور آمدنی کے ذرائع بتانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
بےنامی گاڑیاں رکھنے والوں کو اپنی آمدنی کے ثبوت بھی دینا ہوں گے، ایف بی آر بےنامی زون نے3اضلاع میں3جائیدادوں کو بھی منجمد کردیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ اب تک شیخوپورہ، لاہور اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بےنامی جائیدادیں منجمد کی گئیں ہیں۔