کراچی: شہر قائد میں آمدن اور اثاثہ چھپانے والے ڈاکٹرز کے خلاف ایف بی آر نے کارروائی کرتے ہوئے 17 بڑے اسپتالوں کے ڈاکٹرز کا ڈیٹا طلب کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں آمدن اور اثاثہ چھپانے والے ڈاکٹرز کے گرد ایف بی آر نے گھیرا تنگ کردیا، ایف بی آر کی جانب سے کراچی کے 17 بڑے اسپتالوں کے ڈاکٹرز کا ڈیٹا طلب کرلیا گیا ہے۔
نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق نجی کلینک چلانے والے ڈاکٹرز کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ایف بی آر کی جانب سے ڈاکٹرز کے بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات اور بیرون ملک دوروں کا ریکارڈ حاصل کیا گیا ہے۔
ایف بی آر حکام نے ضیاالدین میموریل اسپتال کی جانب سے تفصیلات فراہم نہ کرنے پر 25 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔
واضح رہے کہ ایف بی آر حکام کی جانب سے گزشتہ ہفتے کہا گیا تھا کہ فروری 2020 کے مہینے میں تین ارب روپے سے زائد کی ٹیکس ریکوری ہوئی ہے۔
مزید پڑھیں: ایف بی آر نے یو اے ای سے اقامہ رکھنے والے پاکستانیوں کی تفصیلات مانگ لیں
یاد رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں ایف بی آر نے متحدہ عرب امارات سے اقامہ رکھنے والے پاکستانی افراد کی معلومات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
مراسلے میں کہا گیا تھا کہ اقامہ رکھنے والے پاکستانیوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا جائے اور یو اےای میں فنانشل معلومات چھپانےوالوں کی تفصیل بھی دی جائے۔