اتوار, دسمبر 8, 2024
اشتہار

سابق وزیراعلٰی پنجاب شہباز شریف کے تمام اثاثوں کی تفصیلات نیب کے حوالے

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: سابق وزیر اعلٰی پنجاب شہباز شریف کے تمام اثاثوں کی تفصیلات نیب کے حوالے کردی گئی، ایف بی آر سے شہباز شریف کی جائیداد اور ٹیکس ادائیگیوں کا ریکارڈ مانگا گیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر ) نے 20 سال کے سابق وزیر اعلٰی پنجاب شہباز شریف کے تمام اثاثوں کی تفصیلات نیب کے حوالے کردیں جبکہ ٹیکس کے معاملات کی ساری تفصیلات بھی نیب کے حوالے کی گئی۔

نیب نے شہباز شریف کی مکمل جائیداد اور ٹیکس ادائیگیوں کا ریکارڈ مانگا تھا۔

- Advertisement -

ذرائع کے مطابق 1997 سے 2004 تک کے تمام اکاؤنٹس کا ریکارڈ نیب کے حوالے کیا گیا ہے۔ 2007 سے 2018 تک کے اکاؤنٹس اور جائیداد کا ریکارڈ بھی نیب کے سپرد کیا گیا۔

تفصیلات میں شہباز شریف کی ظاہر کردہ جائیداد، اکاؤنٹس اور زیر استعمال گاڑیوں کا ریکارڈ شامل ہیں۔

دوسری جانب نیب لاہور کی تین رکنی ٹیم نے شہباز شریف سے باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا، نیب نے شہباز شریف سے پوچھا گیا کہ پنجاب میں پبلک سیکٹر کمپنیاں بنانے کا کیا مقصد تھا، پنجاب میں پہلے سے محکمے موجود ہونے کے باوجود پھر کمپنیاں بنانے کی ضرورت کیوں محسوس ہوئی، پنجاب لینڈ ڈویلمپنٹ کمپنی بنانے کا بنیادی مقصد اور ضرورت کیا تھیں۔

نیب ٹیم کی جانب سے شہباز شریف سے پنجاب لینڈ ڈویلمپنٹ کمپنی یا دوسری پبلک سیکٹر کمپنیوں کے قواعد و ضوابط سے متعلق اور آشیانہ ہاؤسنگ سکیم کے ٹھیکے میں مداخلت سے متعلق بھی سوالات کیے۔

شہبازشریف کا موقف تھا کہ کمپنیوں کا قیام ماڈل صوبے میں گڈ گورننس کو فروغ دینے کے لئے لایا گیا، پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی بنانے کا مقصد غریب عوام کو سستی چھت فراہم کرنا تھا، صوبے کا سربراہ ہونے کی حیثیت سے عوام کے پیسے کی حفاظت کرنا میری ذمہ داری تھی، آشیانہ اقبال میں بے قاعدگیوں کا پتہ چلا تو تمام قانونی آپشنز بروئے کار لانے کا کہا تھا۔

یاد رہے چند روز قبل نیب نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو گرفتار کرلیا تھا ، وہ صاف پانی کیس میں نیب میں پیش ہوئے تھے اور نیب لاہورنے آشیانہ ہاؤسنگ کیس میں گرفتار کیا، آشیانہ ہاؤسنگ کیس میں یہ سب سے بڑی گرفتاری ہے۔

مزید پڑھیں :کرپشن کیس: نیب نے شہبازشریف کو گرفتار کرلیا

جس کے بعد اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو  احتساب عدالت میں پیش کیا گیا ، جہاں عدالت نے دلائل کے بعد شہباز شریف کو  10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا تھا۔

قومی احتساب بیورو کا قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف کی گرفتاری کی بنیادی وجوہات بیان کرتے ہوئے کہنا تھا کہ شہبازشریف نے بطور وزیراعلیٰ پنجاب اپنے اختیارا ت کا غلط استعمال کیا۔

خیال رہے لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سابق ڈائریکٹرجنرل احدچیمہ اورسابق وزیراعظم نواز شریف کے قریبی ساتھی فواد حسن فواد پہلے ہی گرفتار کیے جاچکے ہیں، کیس میں مزید گرفتاریوں کا بھی امکان ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں