گزشتہ روز دہلی میں زلزلے کے جھٹکوں کے بعد این ڈی آر ایف کی جانب سے بھارت میں بڑے زلزلے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی، ریاست بہار سمیت کئی علاقوں میں پیر کی صبح زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ ان جھٹکوں کے بعد نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف) نے بڑے زلزلے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے ملک بھر میں الرٹ جاری کر دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق این ڈی آر ایف حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز آنے والے زلزلے کے یہ جھٹکے مستقبل میں کسی بڑے زلزلے کی علامت بھی ہو سکتے ہیں، اس لیے احتیاط برتی جا رہی ہے۔
این ڈی آر ایف کے ڈی آئی جی گمبھیر سنگھ چوہان نے کہا کہ گذشتہ روز وہ بھی زلزلے کے جھٹکوں سے بیدار ہوئے اور جھٹکے کو کافی شدت سے محسوس کیا۔ ان کے مطابق یہ کسی بڑے زلزلے کی پیشگی وارننگ ہو سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فی الحال ایسی کوئی ٹیکنالوجی نہیں جو زلزلوں کی درست پیش گوئی کر سکے۔ اس لیے حالیہ جھٹکوں کو وارننگ کے طور پر لیتے ہوئے ملک بھر میں این ڈی آر ایف کی تمام بٹالین کو الرٹ کر دیا گیا ہے اور ٹیمیں ریسکیو کاموں کے لیے تیار ہیں۔
گمبھیر سنگھ چوہان کا کہنا ہے کہ دہلی کا علاقہ زلزلے کے لحاظ سے زیادہ حساس ہے کیونکہ یہ سیسمک زون 4 اور 5 کے تحت آتا ہے۔ یہاں زلزلے کی شدت زیادہ ہو سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر 6 یا اس سے زیادہ شدت کا زلزلہ آیا تو دہلی میں تباہ کن صورتحال ہوسکتی ہے۔ گنجان آبادی اور خستہ حال پرانی عمارتوں کی وجہ سے یہاں شدید جانی ومالی نقصان ہو سکتا ہے۔
اس حوالے سے این ڈی آر ایف حکام نے لوگوں کو بھی مشورہ دیا ہے کہ ممکنہ زلزلے کی صورت میں وہ گھبرانے کے بجائے کھلی جگہوں پر پناہ لیں اور اونچی عمارتوں سے دور رہیں۔