کراچی : شہر قائد ایک اور جان لیوا کانگو وائرس پھیلنے کا خدشہ بڑھ گیا ، جس کے پیش نظر وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے محکمہ صحت کو سندھ کے سرحدی اضلاع میں الرٹ جاری کرنے کی ہدایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں نگلیریا کے بعد کانگو کے پھیلاؤ کا خدشہ پیدا ہوگیا ، محکمہ صحت نے بتایا کہ بلوچستان سے کانگو وائرس کے کل 17 مریض کراچی منتقل کیے گئے، جس میں سے 16 مریضوں کو اسٹیڈیم روڈپرواقع نجی اسپتال منتقل کیا گیا۔
محکمہ صحت سندھ کا کہنا تھا کہ نجی اسپتال میں داخل 16 مریضوں میں سے 2 کو ڈسچارج کردیا گیا جبکہ کانگوکے2 مریض انتقال کر چکے ہیں۔
آج صبح انفیکشس ڈیزیز اسپتال منتقل کیاگیامریض انتقال کرگیا، کانگو وائرس کا ایک کیس ضلع شرقی میں ظاہر ہوا تھا۔
وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے کانگو وائرس سے متعلق محکمہ صحت کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کانگووائرس کے حالیہ پھیلاؤ پرسندھ کے سرحدی اضلاع میں الرٹ جاری کی جائے، سندھ کے سرحدی علاقوں سے آمد ورفت کے باعث کانگو وائرس پھیلنے کا خدشہ ہے۔
جسٹس (ر) مقبول باقر نے محکمہ صحت اور لائیو اسٹاک کو عوام میں آگاہی مہم چلانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دادو، شہدادکوٹ اور جیکب آباد میں نگرانی تیز کریں اور احتیاطی تدابیر میں کیڑے مار اسپرے ودیگر احتیاطی تدابیر یقینی بنائیں۔
انھوں نے کہا کہ سرحدی علاقوں میں مویشی منڈیوں میں وائرس زدہ جانوروں کی نگرانی ضروری ہے، مقامی اسپتالوں میں کانگو وائرس کیلئے ضروری پروٹوکولز نافذ کئے جائیں۔
یاد رہے کوئٹہ سول اسپتال میں کانگو وائرس کیسز سامنے آنے کے بعد محکمہ صحت سندھ نے ایڈوائزری جاری کرتےہوئے صوبے کے تمام اسپتالوں کو حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت کی تھی۔