واشنگٹن : امریکا کے نومنتخب صدر جوبائیڈن کی حلف برداری کے دوران پرتشدد مظاہروں کے پیش نظر دارالحکومت میں تعینات نیشنل گارڈز کی تعداد بڑھا کر 20 ہزار کردی گئی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ کی شکست پر ٹرمپ حامیوں کی جانب سے شدید غم و غصے کا اظہار کیا جارہا ہے اور ٹرمپ حامیوں نے الیکشن کو غیرشفاف قرار دیا ہے جس پر شدید مظاہرے جاری ہیں۔
انہیں پرتشدد مظاہروں کے پیش نظر نومنتخب امریکی صدر جوبائیڈن کی حلف برداری کےلیے سخت سیکیورٹی کے انتظامات کیے گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ واشنگٹن ڈی سی میں تعینات نیشنل گارڈز کی تعداد 20 ہزار کردی گئی ہے جبکہ ہنگاموں کے خدشے کے باعث امریکی سپریم کورٹ سمیت کئی عمارتوں کے گرد خاردار تاریں لگادیں گئیں۔
کپیٹل ہل کے قریبی سڑکیں، کاروباری ادارے اور میٹرو اسٹیشنز بند کرنے کی ہدایت جاری کردی گئی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ایف بی آئی نے کپیٹل ہل پر حملے میں ملوث 100 سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا۔