کراچی : پاکستان میں میڈیکل ڈیوائسز کی قلت کا خدشہ پیدا ہوگیا ، طبی تنظیموں کا کہنا ہے اگر ڈیوائسز کی رجسٹریشن کا عمل تیز نہ کیا گیا تو ڈیوائسز کی قلت کا بحران پیدا ہو سکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق طبی تنظیموں نے میڈیکل ڈیوائسز کے بحران کا خدشہ ظاہر کردیا، ہیلتھ کیئر میڈیکل ڈیوائسز آف پاکستان کے چیئرمین سید عمر احمد نے کہا کہ ہمیں 31دسمبر 2024 تک ڈیوائسز کی رجسٹریشن نہیں مل سکی، لاہور ایئرپورٹ پر ڈیوائسز کی شپمنٹ رکی ہوئی ہے۔
سید عمر احمد کا کہنا تھا کہاگر ڈیڈ لائن میں اضافہ نہ ہوا تو ایک ماہ بعد ملک بھر میں ڈیوائسز کا بحران پیدا ہو جائے گا۔
پاکستان کیمسٹس اینڈ ڈرگسٹس ایسوسی ایشن نے بھی ڈیوائسز کی رجسٹریشن اور ڈیڈ لائن میں اضافے کا مطالبہ کیا ہے۔
عبد الصمد بڈھانی نے کہا یہ پورے پاکستان کا مسئلہ ہے، پی سی ڈی اے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پاکستان میں رجسٹرڈ ڈیوائسز کی تعداد پانچ سے چھے ہزار ہے اور دس ہزار سے زائد رجسٹریشن کے حصول کے لیے جمع درخواستیں تعطل کا شکار ہیں۔