وفاق کا بجٹ اب 2 کے بجائے 10 جون کو پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان بجٹ مذاکرات تاحال مکمل نہ ہوسکے جس کی وجہ سے بجٹ اب 2 کے بجائے 10 جون کو پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان بجٹ مذاکرات کے تفصیلی سیشن ہوئے جس میں بجٹ سے متعلق بیشتر ترجیحات سے اتفاق کیا گیا، بجٹ سے متعلق آئی ایم ایف سے آن لائن مشاورت بھی ہوگی۔
ذرائع کے مطابق قومی اقتصادی سروے 9 جون کو پیش ہونے کا امکان ہے۔
مشیر برائے وزارت خزانہ خرم شہزاد نے تصدیق کی ہے کہ بجٹ 10 جون کو پیش کیا جائے گا، اقتصادی سروے 9 جون کو پیش ہوگا۔
یہ پڑھیں: بجٹ میں عوام پر کوئی نیا ٹیکس لگے گا یا نہیں؟ اہم خبر
چند روز قبل وزیر مملکت برائے قومی ورثہ حذیفہ رحمان نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے غربت کی چکی میں پستی پاکستانی عوام کو خوشخبری دی ہے کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں عوام پر کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا جا رہا ہے۔
حذیفہ رحمان نے کہا کہ بجٹ میں ڈیفنس یا جنگ سے متعلق کوئی مخصوص ٹیکس نہیں لگ رہا ہے۔ ڈیفنس بجٹ سے متعلق زیادہ مبالغہ آرائی نہیں ہونی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ فوج نے بھارتی جارحیت کے جواب میں بہترین کارکردگی دکھائی۔ حکومت دفاعی ضروریات سے آگاہ ہے۔ سوال حکومت کی ذمہ داری ہے کہ فوج کو بجٹ، ٹیکنالوجی اور دیگر وسائل فراہم کرے۔