اسلام آباد : وفاقی وزیر قانون اعظم تارڑ نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ میں 26 ویں آئینی ترمیم کا مسودہ آج منظور کیا جائے گا۔
وفاقی کابینہ کے اہم اجلاس کے بعد وزیر قانون اور وزیراطلاعات نے مشترکہ میڈیا بریفنگ دی اس موقع پر وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے بتایا کہ ترمیم کے حوالے سے اسپیکر نے خصوصی کمیٹی بنائی تھی۔
انہوں نے کہا کہ خصوصی کمیٹی نے جو ڈرافٹ منظور کیا تھا وہ کابینہ کے سامنے رکھا گیا، پارلیمانی کمیٹی میں ڈرافٹ کو حتمی شکل دی گئی۔
وزیرقانون نے بتایا کہ مولانا فضل الرحمان کی تجاویز کو بھی مسودے کا حصہ بنایا گیا ہے مسودے میں کچھ تبدیلیوں کے بعد اسے کابینہ سے باقاعدہ منظور کرایا جائے گا۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ گزشتہ 4 ہفتوں سے تواتر سے یہ کام جاری ہے، منظوری سے قبل کل والے ڈرافٹ میں تبدیلیاں کی جائیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ احتساب کے عمل کو بہتر بنانے کیلئے دو سیکریٹریٹ بنانے کی بھی تجویز دی گئی ہے، یہ بھی معاملہ طے ہوگا کہ یہ سرکاری طور پر پیش ہو یا کوئی اور جماعت پیش کرے۔
اعظم نذیر تارڑ نے بتایا کہ آج آئینی ترمیم منظور ہوگئی تو اس کے مطابق اگلے چیف جسٹس کا تقرر اسی طریقہ کار کے مطابق ہوگا، کابینہ ارکان آج ڈھائی بجے اپنا مؤقف رکھیں گے۔
اتفاق رائے نہ ہوا تو دوسرا راستہ اختیار کریں گے، عطا تارڑ
علاوہ ازیں وفاقی وزیراطلاعات عطاتارڑ کا کہنا ہے کہ آئینی ترامیم پر اتفاق رائے نہ ہوا تو دوسرا راستہ اختیار کریں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی چاہتی ہے کہ ساری جماعتوں کو آن بورڈ لیا جائے، حنیف عباسی نے کہا کہ حتمی نتائج تک پہنچنے میں اب صرف چند گھنٹے رہ گئے ہیں۔