اسلام آباد : وفاقی کابینہ نے اسلم خان کو پی آئی اے کا نیا چیئرمین تعینات کرنے کی منظوری دے دی جبکہ مممنوعہ اسلحہ کے لائسنس کے اجرا کامعاملہ مؤخر کردیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ہم ای وی ایم بنانے کی پوزیشن میں ہیں، چاہتے ہیں الیکشن کمیشن بھی ای وی ایم کیلئے اپنا کرداراداکرے اور اگلے الیکشن سے پہلے ای وی ایم کا سلسلہ شروع ہو۔
فوادچوہدری کا کہنا تھا کہ ہم ہر صورت میں سمندرپارپاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیناچاہتےہیں، سمجھ نہیں آرہاکہ ن لیگ،پی پی کیوں اوورسیزپاکستانیوں سے خوفزہ ہیں، انتخابی اصلاحات اس لئے روکی ہوئی ہیں کہ یہ اوورسیزکوحق نہیں دیناچاہتے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اوورسیزپاکستانیوں کی ترسیلات زر نے پاکستان کو بدل کررکھ دیاہے، 90فیصدترسیلات زر 500ڈالر سے کم کی رقم ہے، آصف زرداری ،نوازشریف پر اوورسیزپاکستانیوں کو اعتماد نہیں تھا، اوورسیز پاکستانیوں کو ڈر تھا کہ انکی امانت میں خیانت ہوگی ، بڑی تعدادمیں ترسیلات زرکاآنا عمران خان پر اعتماد کا مظہرہے۔
کابینہ اجلاس کے فیصلوں سے آگاہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کے نئے چیئرمین اسلم خان ہوں گے جبکہ مممنوعہ اسلحہ کے لائسنس کے اجرا کامعاملہ مؤخر کیاگیاہے اور لکسمبرگ کیساتھ دوہری شہریت کے معاہدے، پبلک پراپرٹی انکروچمنٹ بل2021 اور نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کےایگزیکٹو ڈائریکٹر کی منظوری دے دی ہے۔
فواد چوہدری نے مزید کہا کہ ہاؤسنگ سوسائٹیز بڑھ رہی ہیں مگر زیر زمین پانی نیچےجارہاہے، وزیراعظم کا مؤقف ہے کہ ماحولیاتی معاملات کو پلاننگ میں اہمیت دی جائے۔
پراپرٹیز پر قبضوں کے حوالے سے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی بہت سی مہنگی پراپرٹیز پر قبضہ ہے، وفاقی پراپرٹیز واگزار کرانے کیلئے نیا قانون لایاجائےگا، اس حوالے سے سپریم کورٹ اسٹاف کیلئےہاؤسنگ سوسائٹی کی اجازت کیلئے کمیٹی بنائی جارہی ہے۔
انھوں نے مزید بتایا کہ سکھر الیکٹرک پاور کمپنی کے سی ای او کی تعیناتی کامعاملہ مؤخر کیاگیاہے اور کابینہ نےمزید10لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کی منظوری دی ہے، گندم کی 27.3ملین ٹن کی تاریخی پیداوار ہوئی ، بڑھتی ہوئی آبادی کےباعث گندم درآمد کی منظوری دی گئی۔