اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت منعقد ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں سعودی عرب کے ساتھ 8 معاہدوں کی منظوری دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیرِ اعظم کی زیرِ صدارت 5 گھنٹے تک جاری رہا، طویل اجلاس میں 20 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔
[bs-quote quote=”سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورۂ پاکستان سے متعلق معاملات کا جائزہ لیا گیا۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]
اجلاس میں وفاقی کابینہ نے سعودی عرب کے ساتھ 8 معاہدوں کی منظوری دے دی۔
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورۂ پاکستان سے متعلق معاملات کا جائزہ لیا گیا، کابینہ کو پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ہونے والے معاہدوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں مختلف وزارتوں نے پاک سعودی منصوبوں کے 8 مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) پر بریفنگ دی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز مشیرِ تجارت عبد الرزاق داؤد نے کہا تھا کہ سعودی عرب کا پاکستان میں دو سال میں 7 ارب ڈالر سرمایہ کاری کا پروگرام ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب کا دو سال میں 7 ارب ڈالر سرمایہ کاری کا پروگرام ہے: رزاق داؤد
مشیرِ تجارت کا کہنا تھا کہ سعودی سرمایہ کار پنجاب کے آر ایل این جی شعبے میں سرمایہ کاری چاہتے ہیں، سعودی عرب سے سب سے بڑی سرمایہ کاری آئل ریفائنری میں ہوگی، وہ خوراک اور زراعت کے شعبوں میں 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کریں گے۔
چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ ہارون شریف نے کہا تھا کہ سعودی عرب سے مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط کے بعد ٹیکنکل اور فزیبلٹی رپورٹس پر فوری کام شروع کیا جائے گا۔