اسلام آباد: وفاقی کابینہ اجلاس میں کرکٹ بورڈ کے نئے آئین کی منظوری دے دی گئی، پاکستان فرسٹ کلاس کرکٹ کا نیا اسٹرکچر بھی عید کے بعد لاگو ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ اجلاس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کا نیا آئین منظور ہوگیا، نئے آئین کے مطابق تین صوبائی نمائندے گورننگ بورڈ کا حصہ ہوں گے۔
پی سی بی کے نئے آئین کے مطابق گورننگ بورڈ میں پیٹرن کے 2 نمائندے شامل ہوں گے، 4 آزاد ڈائریکٹرز پی سی بی گورننگ بورڈ کا حصہ ہوں گے۔
رپورٹ کے مطابق 4 آزاد ڈائریکٹرز میں ایک خاتون ڈائریکٹر کا ہونا لازمی ہوگا، سیکریٹری آئی پی سی، بورڈ چیف ایگزیکٹو بھی گورننگ بورڈ کا حصہ ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے آئین میں ڈپارٹمنٹس کی جگہ اب صوبائی ٹیمیں ڈومیسٹک کرکٹ کا حصہ ہوں گی۔
نئے آئین کے تحت پنجاب، جنوبی پنجاب، سندھ، کے پی کے، بلوچستان اور کیپٹل ایریاز کے نام سے 6 ٹیمیں فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ کھیلیں گی اور ہر ریجن کی ایک ایک ٹیم گریڈ 2 ٹورنامنٹ میں کھیلے گی جس کے میچ تین روزہ ہوں گے۔
یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ڈپارٹمنٹل سسٹم کی مخالفت کرتے ہوئے آسٹریلوی طرز کا ڈومیسٹک کرکٹ کا سسٹم لانے کا اعلان کیا تھا۔