اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اہم اجلاس میں بڑے فیصلے کئے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں کابینہ کے ایجنڈے پر غور کیا گیا، بعد ازاں وفاقی کابینہ نے کرونا ویکسین کی ریٹیل قیمت مقرر کرنے کی منظوری دے دی، اس کے علاوہ وفاقی کابینہ نے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل کو ممنوعہ بور کے لائسنس جاری کرنےکی منظوری دیدی۔
کابینہ نے پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی فاونڈیشن کے چیف ایگزیکٹو کی تعیناتی کی منظوری موخر کردی جبکہ کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے گزشتہ دو اجلاسوں کے فیصلوں اور کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کے فیصلوں کی توثیق کردی گئی۔
اس کے علاوہ اجلاس میں پاکستان اور سعودی عرب ترقیاتی فنڈز کے درمیان مفاہمت کی یادداشت، پی آئی اے ملازمین پر لازمی سروس ایکٹ نافذ کرنے، نان ٹریٹی ممالک کی جانب سے میوچوئل لیگل اسسٹنس کی درخواستوں جبکہ وزارت صحت کے چار فاسٹ ٹریک منصوبوں پر عملدرآمد کے لیے خصوصی چھوٹ دینے کی سمری کی منظوری بھی دی گئی۔