اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف نے موجودہ ملکی صورتحال سے متعلق وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب کرلیا جس میں فاٹا سے متعلق اصلاحات کی منظوری دینے کا بھی امکان ہے۔
اطلاعات کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ملکی سلامتی کی صورتحال پر غور کیا جائے گا، شرکا ملک کی موجودہ معاشی صورتحال سمیت جاری اور آئندہ شروع ہونے والے منصوبوں کا جائزہ لے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں مختلف ممالک کے ساتھ تعاون کی یادداشتوں کی منظوری اور فاٹا میں اصلاحات کی منظوری کا بھی امکان ہے کیوں کہ فاٹا اراکین اسمبلی نے گزشتہ اجلاس میں اصلاحات کی منظوری نہ ملنے پر احتجاج کیا تھا۔
دریں اثنا صدر مملکت ممنون حسین نے سینیٹ کا اجلاس 3 مارچ کو طلب کرلیا،اجلاس جمعے کو صبح 10 بجے چیئرمین سینیٹ رضا ربانی کی زیر صدارت منعقد ہوگا جس میں فوجی عدالتوں کے قیام کا معاملہ زیر غور آئے گا۔
یہ پڑھیں: کے پی کے میں ضم ہوئے بغیر فاٹا میں اصلاحات ممکن نہیں، عمران خان
خیال رہے کہ خیبر پختون خوا میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ہے اور پارٹی کے چیئرمین عمران خان متعدد بار فاٹا کو خیبر پختون خوا میں ضم کرنے کا مشورہ دے چکے ہیں۔
اسی سے متعلق: فاٹا کو جلد از جلد خیبر پختونخواہ میں ضم کیا جائے، عمران خان
قبل ازیں جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا تھا کہ قبائلی علاقوں کےمستقبل پر فاٹا اصلاحاتی رپورٹ مکمل ہوچکی ہے جس کے بعد فاٹا اصلاحاتی رپورٹ پرمخالفت کا باب بند ہوچکا ہے، فاٹا کے مستقبل کا فیصلہ وہاں کی عوام کی مرضی سے کیا جائے۔
یہ پڑھیں: فاٹا کے مستقبل کا فیصلہ عوامی رائے سے کیا جائےگا، مولانا فضل الرحمان
فاٹا میں قبائلی عمائدین پر مبنی جرگے نے اصلاحات کے حوالے سے حکومتی کمیٹی کی رپورٹ مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیا تھا کہ فاٹا میں مقامی گورنر کی تعیناتی اور 2 سے 3 ہزار ارب روپے کا پیکیج دیا جائے بصورت دیگر وہ تحریک چلائیں گے۔