لاڑکانہ: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے 18 اکتوبر کو کراچی میں جلسے کا اعلان کر دیا، انھوں نے کہا وفاقی حکومت اور اس کے اتحادی سندھ کے دل کراچی پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ میں انتخابی ریلی میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کراچی کو الگ کرنے کا خواب دیکھا جا رہا ہے، سندھ کے شہری ایسا نہیں کرنے دیں گے۔
بلاول بھٹو نے اپنا مشہور نعرہ مرسوں مرسوں سندھ نہ ڈیسوں بھی لگایا، کہا لاڑکانہ کے عوام تیر کے ساتھ ہیں، 17 اکتوبر کو تیر پر ٹھپا لگا کر وفاق کو جواب دیں۔
انھوں نے کہا ایک سال سے عوام کی لڑائی اسمبلی میں لڑ رہا ہوں، میں نے حکومت کو گھر بھیجنا ہے، بی بی کی شہادت کے بعد میں نے پارٹی کا پرچم تھام لیا، آپ کو میرا ساتھ دینا پڑے گا۔
تازہ ترین: نواز شریف کے خط کے مندرجات فضل الرحمان سے شیئر کرنے کا فیصلہ
پی پی چیئرمین نے کہا حکومت نے غریب عوام کا معاشی قتل کیا، ایک سال میں ہزاروں لوگ بے روزگار ہوئے، پیپلز پارٹی دور حکومت میں بھی ملک معاشی بحران سے گزرا لیکن صدر زرداری نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کیا، پنشن اور تنخواہوں میں 100 فی صد اضافہ کیا گیا۔
بلاول کا کہنا تھا ذوالفقار بھٹو نے بڑے زمینداروں سے زمین لے کر چھوٹے زمینداروں کو دی، محترمہ کے دور میں نعرہ مشہور تھا، بے نظیر آئے گی روزگار لائے گی، پیپلز پارٹی مزدوروں اور کسانوں کا خیال رکھتی ہے۔