اسلام آباد : طلبا کو مفت الیکٹرک بائیکس دینے کا فیصلہ کرلیا گیا، کن طلبا کو بائیکس ملے گی ، اس حوالے سے اہم خبر آگئی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر کی زیرصدارت الیکٹرک وہیکلزپالیسی کا اجلاس ہوا ، جس میں سی ڈی اے کو تمام پیٹرول پمپس پر چارجنگ اسٹیشنز نصب کرنے کی ہدایت کی گئی۔
فیڈرل بورڈ کے ٹاپ 120 طلبا کو مفت الیکٹرک بائیکس دینے کا فیصلہ کیا گیا، رانا تنویر نے کہا کہ 39 ہزار الیکٹرک بائیکس اور ایک ہزار 900 الیکٹرک رکشے رعایتی قرض پر دیں گے۔
اجلاس میں موٹر ویز اور قومی شاہراہوں پر 40 چارجنگ اسٹیشنز کی تعمیر کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
وزیر صنعت و پیداوار کا کہنا تھا کہ شفافیت کے لیے پورا پروسس ڈیجیٹلائز کیا جائے، وزیراعظم کے وژن کےمطابق اسلام آبادکوماڈل شہر بنایا جائے گا اور الیکٹرک وہیکلز پالیسی کااعلان بہت جلد کیا جائے گا۔
یاد رہے پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار بلاسود قرضے پر 26 ہزارالیکٹرک موٹر بائیکس اور رکشے دینےکا اعلان کیا گیا تھا۔
پنجاب حکومت کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ طلبہ کو دس ہزار، سرکاری ملازمین کو دوہزار، سرکاری ونجی خواتین ملازمین کو دوہزارای بائیکس کیلئے بلاسودی قرضہ دیا جارہا ہے جبکہ اسپیشل افرد کودوہزارالیکٹرک تھری ویلز بائیکس دینےکا اعلان کیا ہے۔