اسلام آباد: ایم کیوایم قائد کی ملک مخالف تقریر اور میڈیا ہاوسز پر حملے کے الزام میں ایم کیوایم پر پابندی لگانے کی تیاری شروع کردی گئی ہے اٹارنی جنرل کی سربراہی میں قائم کمیٹی نے کام شروع کردیا۔
اٹارنی جنرل اشتراوصاف نے کہا ہے کہ انہوں نے وزیراعظم کی جانب سے قائم کی گئی کمیٹی کے رکن کئ کی حیثیت سے کام شروع کر دیا ہے اور وہ اس حوالےسے شہادتیں جمع کر رہے ہیں کہ کیا ایم کیو ایم ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث ہے۔
اے آر وائی سے گفتگو کر تے ہوئے انہوں بے کہا کہ شہادتیں موصول ہونے کہ صورت میں سفارشات وزیر اعظم کو بھجوائیں گے جس کی بنیاد پر وزیراعظم ایم کیو ایم پر پابندی کاریفرنس ارسال کریں گے۔
اٹارنی جنرل کی سربراہی میں قائم کمیٹی نے ایم کیوایم کے خلاف اب تک حاصل ہونے والے شواہد کا جائزہ لینا شروع کردیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی تمام شواہد کا قانونی پہلووں سے جائزہ لے رہی ہے جس کے بعد ایم کیوایم کے خلاف ریفرنس تیارکرے گی جو وزیراعظم کو بھیجا جائے گا، وزیر اعظم ریفرنس سپریم کورٹ کو بھیجیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے ایم کیوا یم پر پا بندی کیلئے آرٹیکل سترہ ٹو بی کا استعمال کیا جائے گا، ایم کیوایم قائد کی پاکستان کے خلاف حالیہ سرگرمیوں اور پاکستان مخالف نعروں پر ملک کے مختلف طبقوں کی جانب سے ایم کیوایم پر پابندی کا مطالبہ کیا جارہا ہے ۔