اسلام آباد : سانحہ درگاہ بلاول شاہ نورانی کے شہداء اور زخمیوں کے لیے وفاقی حکومت اور صوبائی حکومت بلوچستان کی جانب سے امدادی رقوم دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم پاکستان نواز شریف کے ترجمان مصدق ملک نے اعلان کیا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے شہدائے سانحہ درگاہ شاہ نورانی کے لیے 5 لاکھ فی کس ،شدید زخمیوں کے لیے 2 لاکھ فی کس اور معمولی زخمی افراد کے لیے 1 لاکھ فی کس امدادی رقم دی جائے گی۔
وفاقی حکومت کی طرف سے امدادی رقوم کے چیک مصدق ملک متاثرین میں تقسیم کریں گے اس کے علاوہ وزیراعظم نے چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ مفتاح اسماعیل اور مشیر مصدق ملک کو زخمیوں کی عیادت کرنے کی بھی ہدایت کردی ہے۔
اسی سے متعلق : درگاہ شاہ نورانی میں دھماکا،65افراد جاں بحق، 100 سے زائد زخمی
دوسری جانب وزیر اعلیٰ بلوچستان ثناء اللہ زہری نے بھی سانحہ شاہ نوارانی کے متاثرین کی مالی امداد کا اعلان کردیا ہے جس کے تحت صوبائی حکومت سانحہ میں شہید ہونے والے افراد کو 10 لاکھ روپے فی کس اور زخمیوں کو 5 لاکھ روپے کی رقم ادا کی جائے گی ۔
واضح رہے گزشتہ روز خضدار کے علاقے حب میں واقع مشہور درگاہ شاہ نورانی میں خود کش دھماکے کے نتیجے میں 60 سے زائد افراد شہید اور 100 سے زائد افراد زخمی ہو گئے تھے۔