اسلام آباد: وفاقی حکومت نے 30 ہزار 968 سرکاری آسامیاں ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا، جس کے بعد ہزاروں سرکاری ملازمین کے بے روزگار ہونے کا خدشہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت سینیٹ قائمہ کمیٹی خزانہ کا اجلاس ہوا ، جس میں سیکرٹری کابینہ کی سرکاری اداروں میں رائٹ سائزنگ کے پلان پر بریفنگ دی۔
سیکرٹری کابینہ نے بتایا کہ مستقبل میں 7 ہزار 724مزید آسامیاں ختم ہو جائیں گی، سب سے زیادہ آسامیاں گریڈ ون میں 7 ہزار 305 ختم کی گئی ہیں، گریڈ ون میں مزید4 ہزار 253 آسامیاں ختم ہوں گی۔
بریفنگ میں کہا گیا کہ گریڈ 17 میں 760آسامیاں ، گریڈ 18 میں 203 آسامیاں، گریڈ21 اور 22 کی دو دو آسامیاں ، گریڈ 20 کی 36 پوسٹیں اور گریڈ 19میں 99 آسامیاں ختم کی گئی ہیں۔
مستقبل میں گریڈ 19 کی مزید 71 آسامیاں اور گریڈ 18 میں مزید 36 اور گریڈ 17 میں مستقبل میں مزید 58 آسامیاں ختم ہوں گی۔
سیکرٹری کابینہ کا کہنا تھا کہ آسامیاں ختم کرنےسے قومی خزانے کو 30 ارب روپے کی بچت ہوگی، مزید آسامیاں ختم کرنے بھی اضافی بچت ہوگی۔