اسلام آباد : العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنسز میں وفاق نے نواز شریف کی اپیلوں پر جواب دینے کیلئے عدالت سے وقت طلب کرنے کا فیصلہ کرلیا، عدالت نےوفاق کے ذریعے برٹش ہائی کمیشن سے رپورٹ طلب کی تھی۔
تفصیلات کے مطابق وفاق نے العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنسز میں نواز شریف کی اپیلوں پر جواب دینے کیلئے آج عدالت سے وقت طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
گزشتہ سماعت پرعدالت نےوفاق کے ذریعےبرٹش ہائی کمیشن سےرپورٹ طلب کی تھی ، وفاق نے برٹش ہائی کمیشن کونواز شریف سےمتعلق خط لکھ دیا ہے، سرکاری وکیل کا کہنا ہے کہ برٹش ہائی کمیشن سےجواب ملنے کےبعدعدالت میں جواب دیں گے۔
نواز شریف کی 2 اپیلیں العزیزیہ اور ایون فیلڈ اپیلیں آج سماعت کیلئے مقرر ہیں ، جسٹس عامرفاروق اورجسٹس محسن اخترپرمشتمل اسلام آبادہائی کورٹ کابینچ سماعت کرے گا۔
مزید پڑھیں : العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنسز : نواز شریف اور نیب اپیلوں پر سماعت آج ہوگی
عدالت نے نوازشریف کو آج 10 ستمبر تک سرنڈر کرنے کاحکم دے رکھا ہے تاہم نوازشریف نے پیشی سےایک روزقبل واپسی سے انکار کردیا تھا اور کہا تھا کہ بیمار ہوں، پاکستان آکر سرینڈر نہیں کرسکتا۔
واضح رہے احتساب عدالت نے ایون فیلڈریفرنس 6جولائی 2018 کوقید وجرمانہ کی سزا سنائی تھی، نوازشریف کو 10،مریم صفدر کو7 اور کیپٹن صفدر کو1سال قید کی سزاسنائی گئی تھی جبکہ العزیزیہ اسٹیل ملزریفرنس میں نواز شریف کو 7 سال قید کی سزا ہوئی تھی۔
ریفرنس میں سزا معطلی کے بعد نوازشریف، مریم نواز،کیپٹن صفدر ضمانت پرہیں جبکہ جبکہ العزیزیہ اسٹیل ملزکیس میں نواز شریف کی اپیل زیر سماعت ہے ۔