اسلام آباد : وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر کا کہنا ہے کہ کراچی کے شہریوں کی لوڈشیڈنگ سے نجات کیلئےمزید 200میگاواٹ بڑھادی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ کراچی الیکٹرک کو پہلے 350میگا واٹ اضافی بجلی فراہم کی جا رہی تھی، اب کراچی کے شہریوں کی لوڈشیڈنگ سے نجات کیلئےمزید 200میگاواٹ بڑھادی گئی ہے۔
کراچی الیکٹرک کو وفاقی حکومت کی طرف سے پہلے 350 MW اضافی بجلی فراہم کی جا رہی تھی۔ کراچی کے شہریوں کو لوڈشیڈنگ سے نجات دینے کے لئے اس مقدار میں مزید 200 MW کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔
— Hammad Azhar (@Hammad_Azhar) June 3, 2021
گذشتہ روز وزیر اعظم کی خصوصی ہدایت پر گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کراچی شہر میں جاری طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے معاملے پر وفاقی وزیر برائے توانائی محمد حماد اظہر سےاسلام آباد میں ملاقات کی تھی ۔
رنر سندھ نے کہا کہ کے ای کراچی کو بلا تعطل بجلی فراہمی کو یقینی بنائے، کے الیکٹرک کو وارننگ بھی جاری کی گئی ہے کہ کراچی کے لوگ اگر بجلی کے حوالے سے مزید تنگ اور پریشان ہوئے تو وفاق اس معاملہ میں انتہائی اقدامات کر سکتا ہے۔
گورنر سندھ نے بیان میں بتایا کہ وفاقی وزیر برائے توانائی محمد حماد اظہر کی جانب سے کے الیکٹرک کو مزید 400 میگا واٹ اضافی بجلی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک کو اگلے دس دن تک بلاتعطل بجلی کی فراہمی کے معاملات کو درست کرنے کے لئے ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔