کراچی : وفاقی حکومت نے پیپلزپارٹی کو کینال منصوبہ ختم کرنے کی پیشکش کردی تاہم پی پی کا کہنا ہے کہ ن لیگ کے کسی بھی عہدیدار کے زبانی وعدے پر یقین نہیں۔
تفصیلات کے مطابق بیک ڈوررابطوں میں وفاقی حکومت نے پیپلزپارٹی کو کینال منصوبہ ختم کرنے کی پیشکش کردی ، ذرائع نے بتایا کہ وفاقی وزیر نے پیغام دیا کینال منصوبہ ایکنک ایجنڈے کا حصہ ہی نہیں بنایا جائے گا نہ منظوری دی جائے گی۔
جس پر پیپلز پارٹی رہنماؤں نے جواب دیا کہ ن لیگ کے کسی بھی عہدیدار کے زبانی وعدے پر یقین نہیں ،وزیراعظم یاوفاقی حکومت منصوبہ ختم کرنے کا اعلان نہیں کرتی تو احتجاج جاری رہے گا۔
پیپلز پارٹی نے مؤقف میں کہا کہ ہم ن لیگ یا وفاقی حکومت پر کیسے بھروسہ کرلیں، ایوان صدر اجلاس کےمنٹس غلط جاری کئے گئے، ایک وفاقی وزیر نے یہ منٹس لیک کئے، میڈیا کو وفاقی وزیر نے منٹس دے کر غلط فیڈنگ کی۔
ذرائع پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت اور اہم وزرا کینال منصوبہ منظوری کی باتیں کر رہے ہیں، ن لیگ پیپلزپارٹی کو عوام اور اداروں سے لڑانے کا کام کر رہی ہے۔
ذرائع پی پی نے کہا کہ بلاول بھٹو 18 اپریل کوکینال منصوبے، وفاقی حکومت کیخلاف تحریک اعلان کریں گے، دوسرے مرحلے میں سکھر اور میرپور خاص میں احتجاج کیا جائے گا، وزیر اعظم منصوبہ ختم کرنےکا اعلان کریں یا سی سی آئی اجلاس میں منصوبہ مسترد کیا جائے۔