اسلام آباد : عوام کو انرجی سیور پنکھے قسطوں پر دینے کی تیاری کرلی گئی ، جس سے بجلی کے بل کم آئیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے عوام کو انرجی سیور پنکھے قسطوں پر دینے کی تیاریاں کرلی، ذرائع نے بتایا کہ انرجی سیور پنکھے لگانے کے پلان کا اعلان آئندہ مالی سال کے بجٹ میں کیا جائے گا، پنکھے قسطوں پر دینے کا مقصد بجلی کی بچت ہے۔
ذرائع نے کہا کہ وزیر اعظم نے انرجی سیور پنکھے آسان قسطوں پر دینے کی تجویز منظور کرلی ہے، زیادہ بجلی استعمال کرنے والے پنکھوں کی تبدیلی کا قومی پلان تیار کرلیا ہے۔
صارفین بینکوں کی مالی معاونت سے توانائی کی بچت کرنے والے فین لگوا سکیں گے اور پنکھوں کی قیمت کی ادائیگی بجلی کے بلوں کے ذریعے اقساط میں کر سکیں گے۔
ذرائع کے مطابق اے سی فینز کو ڈی سی فینز میں بدلنےسے 5 ہزارمیگاواٹ تک بجلی کی بچت ہو گی اور انرجی سیورپنکھوں کی بدولت بجلی بچت سے نئی پیداواری صلاحیت کی ضرورت نہیں رہے گی۔
ذرائع نے بتایا کہ حکومت انرجی سیور پنکھے بلاسود فراہم کرنے کی تیاریاں کر رہی ہے، عوام کو بلاسودآسان قسطوں پر پنکھوں کی فراہمی کی اسکیم پر آئی ایم ایف سے بھی مشاورت ہوگی، پنکھوں کی قسطوں پر فراہمی سے عوام کے بجلی کے بل کم آئیں گے۔