اسلام آباد : وفاقی اسپتالوں میں ریگولر نرسز کے الاونسز میں اضافے کردیا گیا ، جس کے بعد طلبا نرسز کا ماہانہ وظیفہ 6800 سے بڑھ 20 ہزار ہوگیا، اضافے کا اطلاق یکم جولائی 2019 سے ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے وفاقی اسپتالوں میں ریگولر نرسز کے الاونسز میں اضافہ کی منظوری دے دی ، معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹرظفرمرزا نے کہا طلبا نرسز کا ماہانہ وظیفہ 6800 سےبڑھا کر 20ہزار اور گریڈ سولہ کی ریگولر نرسز کا میس الاؤنس 500سے بڑھا کر 8ہزار کردیا ہے۔
ظفرمرزا کا کہنا تھا ریگولر نرسز کا ڈریس الاونس 600سے بڑھا کر 3ہزارکر دیا ، حکومتی اخراجات کاتخمینہ 228.547 ملین سالانہ ہو گا ، اضافے کا اطلاق یکم جولائی 2019 سے ہو گا۔
معاون خصوصی برائے صحت نے کہا وزارت قومی صحت نرسنگ میں ترقی اور بہتری کے لیے پر عزم ہے، نرسنگ کاکردار طبی شعبے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔
ان کا کہنا تھا نرسنگ کی ترقی کے بغیر صحت کا شعبہ ترقی نہیں کر سکتا ، وزیراعظم کے وژن کے مطابق صحت اولین ترجیح ہے۔