کراچی : ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے الزام عائد کیا ہے کہ کراچی کے انفرااسٹرکچر کی بہتری میں وفاق کی کوئی دلچسپی نہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما و حکومت سندھ کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے ایک مرتبہ پھر وفاقی حکومت پر الزامات کی بوچھاڑ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی بڑے دعوے کرتی ہے مگر اسے کراچی میں تکمیل نہیں کرتی۔
انہوں نے کہا کہ کراچی سندھ کا دارالخلافہ، اور ملک کا معاشی دارالخلافہ ہے اور وزیر اعظم عمران خان نے وعدہ کیا تھا کہ 162 ارب کراچی پر خرچ کریں گے لیکن دو سال گزر گئے، 162 ارب کے کراچی پیکج کا کچھ نہیں ہوا۔
مرتضیٰ وہاب نے سوالیہ انداز میں کہا کہ کیا 162 ارب روپے وفاقی حکومت نے کراچی پر لگا دئیے؟
ان کا کہنا تھا کہ شبلی فراز کہتے ہیں کراچی کےلیے بڑا منصوبہ لارہے ہیں، دو سال ہوگئے آج بھی یہی کہتے ہیں کہ منصوبے لارہے ہیں۔
رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے عوام کو سنہرے خوابوں میں الجھا کر رکھا ہے، پی ٹی آئی کام کرنے کے بجائے باتیں کرنے کا کام کرتی ہے۔