اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ ای سی ایل میں نام ہے یا نہیں بلاول بھٹو سفر کرکے دیکھ لیں، وہ سفر کے لیے نکلیں گے تو جواب بھی مل جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’پاور پلے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا، فیصل واوڈا نے کہا کہ جے آئی ٹی رپورٹ پر تمام افراد کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا فیصلہ ہوا ہے، ہم ان کی طرح کرپشن کرپشن کی سیاست نہیں کرسکتے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ آصف زرداری نے لاڈلے کا ذکر کیا تو لاڈلے تو نواز شریف ہیں، انہوں نے پھٹے ہوئے ڈھول کی بات کی تو وہ بھی نواز شریف ہیں، والد کہہ رہے ہیں حملہ کریں گے اور بیٹا آلہ کار ہونے کا الزام لگا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے خلاف کسی نے آواز نہیں اٹھائی، 18ویں ترمیم کالا قانون ہے، اکیلا کھڑا ہوں اس کے خلاف لڑوں گا۔
یہ پڑھیں: نوازشریف نے رہائی کے عوض حکومت کو دو ارب ڈالر کی آفرکی، فیصل واوڈا کا دعویٰ
فیصل واوڈا نے کہا کہ 2 جماعتیں پارلیمںٹ کی بے حرمتی کی بات کررہی ہوں تو ایسی پارلیمنٹ کو بلڈوز کردیا جائے، ایک سے 13 شوگر ملیں بن گئیں اس بے حرمتی کی بات کریں، ٹریکٹر اسکیم، سبسڈی سے اومنی گروپ کو فائدہ ہوا اس بے حرمتی کی بات کریں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پی پی کے خلاف بات کریں تو ن لیگ جواب دیتی ہے، ن لیگ پر بات ہو تو پی پی جواب دے رہی ہے، جب ان کی کرپشن پر گفتگو کریں تو جمہوریت خطرے میں آجاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اگر مینڈیٹ دلایا گیا ہے تو پیپلزپارٹی کو سندھ کیسے مل گیا، انہیں سندھ مل جائے تو ٹھیک ہمیں وفاق ملا تو ان کو غلط لگتا ہے۔