لاہور: وفاقی وزیرِ تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان قومی خزانے کی حفاظت خود سے زیادہ کر رہے ہیں، لوٹ مار، کرپشن اور بد انتظامی نے ملک کو تباہ کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق شفقت محمود انتخابی حلقے میں تقریب سے خطاب کر رہے تھے، انھوں نے کہا کہ پچھلی حکومتوں نے ملک کو بہت نقصان پہنچایا، عمران خان خود سے زیادہ قومی خزانے کی حفاظت کرتے ہیں۔
[bs-quote quote=”وزیرِ اعظم ہاؤس کے احاطے میں جدید یونی ورسٹی کی عمارت قائم کی جائے گی۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″ author_name=”وفاقی وزیرِ تعلیم”][/bs-quote]
وفاقی وزیرِ تعلیم نے کہا ’دوست ممالک کی مدد سے معیشت بہتر ہو رہی ہے، ملک میں سالوں سے جاری بد انتظامی پر قابو پا رہے ہیں، احتساب کا عمل شروع ہو چکا ہے، اب بہت واویلا سنائی دے گا۔‘
شفقت محمود کا کہنا تھا ’لوٹ مار کرنے والے گرفت میں آئیں گے تو شور سنائی دے گا، نواز شریف 3 سال سے منی ٹریل پیش نہیں کر سکے، اخلاقی طور پر شہباز شریف کو پی اے سی کا سربراہ نہیں بننا چاہیے۔‘
یہ بھی پڑھیں: اس وقت سب کی نظریں عدالت پر لگی ہوئی ہیں: فواد چوہدری
وفاقی وزیر نے کہا کہ ایسے شخص کو ذمہ داری کیسے دی جائے جس پر لوٹ مار کے کیس ہوں، پارٹی کے اندر بھی آواز اٹھی، چوری کے ملزم کو ذمہ داری نہ دیں لیکن اسمبلی کی کارروائی چلانے کے لیے نہ چاہتے ہوئے بھی یہ فیصلہ کرنا پڑا۔
وزیرِ تعلیم شفقت محمود کا کہنا تھا کہ وزیرِ اعظم ہاؤس کے احاطے میں جدید یونی ورسٹی کی عمارت قائم کی جائے گی۔