اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز اور معاون خصوصی عاصم سلیم باجوہ نے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں اور ذمہ داری سونپنے کو اعزاز قرار دیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات شبلی فراز اور معاون خصوصی عاصم سلیم باجوہ وزارت اطلاعات پہنچے اور اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں، سیکریٹری اطلاعات،ذیلی اداروں کی جانب سے وفاقی وزیر اور معاون خصوصی کو بریفنگ دی گئی۔
وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ وزیراعظم کا اہم ذمہ داری سونپنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے ، اطلاعات ونشریات ایسی وزارت ہے جسے روایتی انداز سے چلایاجاتارہاہے ،ہم نے وزارت اطلاعات کے کردار کو مزید فعال ،متحرک بنانا ہے۔
سینیٹر شبلی فراز کا کہنا تھا کہ وزارت کو جدید خطوط پراستوار کرنے کیلئےایک ٹیم کی طرح کام کرنا ہوگا، ادب ،ثقافت کے فروغ کیلئے وزارت اطلاعات کاکردار نہایت اہم ہے۔
معاون خصوصی عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ میرے لیے بطور معاون خصوصی کام کرنا باعث اعزاز ہے ، وزارت اطلاعات کو 21ویں صدی کے تقاضوں سےہم آہنگ کرناہے، وزارت کے اداروں میں ہم آہنگی،تعاون کا فروغ نہایت ضروری ہے۔
یاد رہے وفاقی حکومت نے وزیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان کوڈی نوٹیفائی کرکے شبلی فراز کو وفاقی وزیراطلاعات تعینات کیا تھا جبکہ عاصم سلیم باجوہ وزیراعظم کے معاون خصوصی اطلاعات مقرر کیے گئے تھے۔
بعد ازاں معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کو عہدے سے ہٹانے کی اندرونی کہانی سامنے آئی تھی ، جس کے مطابق فردوس عاشق اعوان نے حکومتی اشتہاری بجٹ سے 10 فیصد کمیشن لینے کی کوشش کی اور سرکاری ٹی وی کے کوٹے پر ضرورت سے زائد ملازم رکھے، انہوں نے بغیر اجازت دو سیکیورٹی گارڈز سمیت 9 ملازم رکھے ہوئے تھے۔