اسلام آباد: وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ چوروں کے احتساب کا مینڈیٹ قوم نے دیا ہے اس سے کسی طور دستبردار نہیں ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے بلاول بھٹو کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ روٹی، کپڑا اور مکان کا جھوٹا نعرہ لگانے والے ہماری سادگی مہم کے خلاف نکل آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا وسائل کا ضیاع روکنا قومی خزانہ لوٹنے والوں کے لیے ناقابل برداشت ہے، ابو کی لوٹ مار بچانے کے لیے ہاتھ پاؤں مارنے والے کے پاس کوئی کام نہیں ہے۔
مراد سعید نے کہا کہ پارلیمان کو مجرموں کا ڈیبیٹنگ کلب بنانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ کے لے بھی پارلیمان کو یرغمال بنایا گیا۔
مزید پڑھیں: اسپیکر قائمہ کمیٹی کے اجلاس منسوخ کرنے کا فیصلہ واپس لیں: بلاول بھٹو زرداری
وفاقی وزیر نے کہا کہ اپوزیشن نے ایک دن بھی سنجیدگی سے پارلیمانی کارروائی میں حصہ نہیں لیا، اخراجات میں کمی کے فیصلے پر کاربند رہ کر چوروں سے لوٹ کا مال نکلوائیں گے۔
واضح رہے کہ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پارلیمان کے اندر سے ہی آج پارلیمان پر حملہ ہورہا ہے، اسپیکر قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی کے اجلاس منسوخ کرنے کا فیصلہ واپس لیں۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ اسپیکرڈپٹی اسپیکر سرکاری خرچے پر بیرون ملک ہیں، انسانی حقوق کے بہت سے مسائل پر آج اجلاس میں بات کرنا تھی، سینیٹ کمیٹیوں کے اجلاس تو چل رہے ہیں، اسپیکر قوانین کے تحت اسمبلی کمیٹیوں کو محدود نہیں رکھ سکتے. کمیٹیوں کے اجلاس منسوخ کرنا غیرجمہوری قدم ہے۔